اُتراکھنڈ اور شمالی ہند میں 5.8 شدت کا زلزلہ

نئی دہلی۔ 6 فروری (سیاست ڈاٹ کام)اوسط شدت کا ایک زلزلہ جس کی شدت ریختر پیمانے پر 5.8 ریکارڈ کی گئی ، آج اُترا کھنڈ کو دہلا گیا۔ اس زلزلہ کے جھٹکے دہلی اور شمالی ہند کے دیگر علاقوں میں بھی محسوس کئے گئے۔ زلزلہ کا مبداء رودرا پریاگ ضلع میں تھا۔ قومی سسمالوجیکل بیورو کے سربراہ  جے ایل گوتم نے کہا کہ زلزلہ 33 کیلومیٹر کی گہرائی سے شروع ہوا اور 10:35 بجے شب محسوس کیا گیا۔ اُتراکھنڈ ہمالیائی پٹی میں واقع ہے اور زلزلہ کی بلند سرگرمی کیلئے شہرت رکھتا ہے۔ زلزلہ کے جھٹکے پنجاب اور ہریانہ میں بھی محسوس کئے گئے۔ دونوں ریاستوں کا مشترکہ دارالحکومت چندی گڑھ بھی زلزلوں کے جھٹکوں سے متاثر ہوا۔ کئی افراد اپنے گھروں سے باہر نکل گئے تھے ۔ فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔ اطلاعات کے بموجب زلزلہ کے جھٹکے پورے ہریانہ اور قومی دارالحکومت نئی دہلی کے علاقوں میں محسوس کئے گئے۔ خاص طور پر فلک بوس عمارتوں میں مقیم افراد زیریں منزل پر پہنچ گئے تھے۔ زلزلوں کے جھٹکے ہریانہ کے کئی علاقوں بشمول گروگرام، فریدآباد، روہتک، امبالہ، پنچ کلا، سونی پت، پانی پت اور کرنال میں محسوس کئے گئے۔ پنجاب میں کئی مقامات بشمول موہالی، پٹیالہ، روپڑ، لدھیانہ اور جالندھر زلزلوں کے جھٹکوں سے متاثر ہوئے۔ یوپی کے پڑوسی علاقہ نوئیڈا کے شہریوں نے بھی زلزلوں کے جھٹکے محسوس ہونے کی اطلاع دی۔ بستر ہلنے لگے، چھتوں کے پنکھے گھومنے لگے۔ نوئیڈا میں سیکٹر 20 کے ساکن سوہت شرما نے کہا کہ وہ سونے کی کوشش کررہا تھا، جبکہ اچانک زمین ہلتی ہوئی محسوس ہوئی۔ سیکٹر 21 کی ساکن سویتا گپتا نے بھی اسی احساس کا اظہار کیا۔