سالانہ حد آمدنی میں اضافہ کی تجویز: گہلوٹ
نئی دہلی۔31 اگست (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر سماجی انصاف اور تفویض اختیارات تھاورچند گہلوٹ نے آج بتایا ہے کہ جاریہ سال کے اواخر تک دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) کیلئے کریمی لیز کے معیار پر نظرثانی کرے گی۔ فی الحال سرکاری ملازمتوں کاور تعلیمی اداروں میں او بی سی کیلئے 27 فیصد کوٹہ فراہم کیا جارہا ہے۔ بشرطیکہ خاندان کی سالانہ آمدنی 6 لاکھ روپئے تک ہو اور جن لوگوں کی مقررہ حد سے زائد آمدنی ہو انہیں کریمی لیئر (Creamy Layer) کہا جاتا ہے اور وہ تحفظات کا استحقاق نہیں رکھتے۔ مرکزی وزیر نے بتایا کہ ہر 3 سال میں ایک مرتبہ کریمی لیئر کی تشریح اور معیار پر نظرثانی کی جاتی ہے اور سابق میں او بی سی تحفظات پر 2013 ء میں نظرثانی کی گئی تھی۔قبل ازیں مملکتی وزیر سماجی انصاف رام داس اٹھاولے نے ریزرویشن کی حد میں 50 فیصد سے 75 فیصد تک اضافہ کردینے پر اعتراض کیا تھا جبکہ حکومت نے معاشی طور پر پسماندہ طبقات کے لئے مزید 25 فیصد تحفظات کا اعلان کیا ہے۔ مسٹر گہلوٹ کا یہ تبصرہ ایسے وقت آتیا ہے جبکہ او بی سی کے لئے مختص سرکاری ملازمتیں مطلوبہ امیدوار دستیاب نہ ہونے پر مخلوعہ ہیں۔ ذرائع کے مطابق او بی سی کیلئے سالانہ آمدنی کی حد میں 8 لاکھ روپئے تک اضافہ کی تجویز حکومت کے زیر غور ہے۔