ممبئی ۔ /4 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا نونرمان سنہا (ایم این ایس ) کے صدر راج ٹھاکرے نے دعویٰ کیا کہ مرکزی حکومت رام مندر کے مسئلہ پر اسد الدین اویسی زیرقیادت کل ہند مجلس اتحادالمسلمین کی مدد سے فرقہ وارانہ فسادات برپا کرنے کی سازش کررہی ہے ۔ پارٹی کے ایک جلسہ عام میں آج رات یہ سنسنی خیز الزام عائد کرتے ہوئے ٹھاکرے نے کہا کہ مرکزی حکومت ممکن ہے کہ فسادات رام مندر مسئلہ پر اے آئی ایم آئی ایم کی مدد سے برپا کرنے کی سازش کرے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں دہلی سے ایک ٹیلیفون کال وصول ہوئی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مرکزی حکومت رام مندر کے نام پر فسادات برپا کرنے کی اسد الدین اویسی کی مدد سے سازش کررہی ہے جو اے آئی ایم آئی ایم کے صدر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں یہ انتہائی سنگین معاملہ ہے ۔ مرکزی حکومت اپنے ساڑھے چار سالہ دور اقتدار میں کچھ بھی نہیں کرسکی ۔ ان کے پاس اب کوئی متبادل باقی نہیں رہا ہے سوائے اس کے کہ وہ فرقہ وارانہ فسادات کیلئے اشتعال انگیزی کریں ۔ راج ٹھاکرے نے کہا کہ حالانکہ وہ رام مندر کی ایودھیا میں تعمیر کے حامی ہیںلیکن اس کے نام پر فرقہ وارانہ فسادات کے مخالف ہیں ۔