اویسی صاحب آپ میرے بڑے بھائی ہیں‘ مگر یہاں نہ آئیں

کرناٹک کے حج قافلہ کی روانگی ‘ رکن اسمبلی ضمیر احمد کا خطاب
حیدرآباد۔28اگسٹ(سیاست نیوز) اسد اویسی آپ کرناٹک انتخابات میں حصہ لیتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی کو فائدہ نہ پہنچائیں۔ رکن اسمبلی کرناٹک اسمبلی مسٹر ضمیر احمد خان نے عازمین حج کے قافلہ کی روانگی کے موقع پر تقریر کے دوران مجلسی قیادت سے اپیل کی کہ وہ کرناٹک کے حالات کو حیدرآباد کی طرح بنانے کی کوشش نہ کرے۔ انہوں نے بتایاکہ کرناٹک میں مسلم ووٹ کو متحدہ رکھنے اور انہیں تقسیم سے بچانے مجلس کو کرناٹک میں مقابلہ سے گریز کرنا چاہئے۔ اترپردیش‘ مہاراشٹرا میں مجلس کے انتخابات میں حصہ لینے کے جو نتائج برآمد ہوئے ہیں ان کے پیش نظرکرناٹک میں مجلس کو انتخابات میں حصہ لینے سے روکنے کی گئی اس اپیل کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے لگی ہے جس میں رکن اسمبلی ضمیر احمد خان کہہ رہے ہیں کہ مجلس اگر کرناٹک انتخابات میں حصہ لیتی ہے تو مسلم ووٹوں کی تقسیم کا راست فائدہ بی جے پی کو ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ مجلسی قائدین کی جذباتی تقاریر کے نتیجہ میں مجلسی امیدوارو ںکو 5تا6ہزار و وٹ حاصل ہونگے جس کے نتیجہ میں سیکولر امیدواروں کو شکست سے دو چار ہونا پڑ سکتا ہے اسی لئے انہیں انتخابات میں حصہ لینے سے گریز کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کرناٹک کے عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ مجلس کے قائدین نے حیدرآباد میں کیا کام انجام دیئے ہیں ریاست کرناٹک کے عوام خود انہیں مسترد کریں گے کیونکہ وہ واقف ہیں کہ حیدرآباد میں مجلسی قیادت نے کیا کام انجام دیئے ہیں۔ انہوں نے چیف منسٹر کرناٹک سدا رامیا کی قیادت کو مسلمانوں کیلئے خاطر خواہ اور مستحکم قرار دیتے ہوئے کہا کہ کرناٹک کے مسلمانوں کی مجموعی ترقی انکے دور میں جاری ہے اور آئندہ بھی جاری رہیگا۔ انہوں نے کہا کہ سیکولر پارٹیوں کے ووٹوں کو تقسیم سے بچانے مسلم ووٹوں کی تقسیم کے علاوہ سیکولر ووٹوں کی تقسیم کو بچانا بے حد ضروری ہے اسی لئے مجلس کو کرناٹک میں داخل ہونے سے روکنے کی ضرورت ہے آئندہ انتخابات میں 100 فیصد ووٹ سیکولر جماعت کے حق میں استعمال کئے جائینگے تاکہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی برقراری کے ساتھ ساتھ فرقہ پرست قوتوں کے عزائم کو ناکام بنایا جاسکے۔