اویسی جنکشن و مدھانی جنکشن پر ٹریفک مسائل

یکسوئی کیلئے فلائی اوور اور انڈر پاس کی تعمیر کو حکومت کی منظوری
حیدرآباد۔/20 اپریل ، ( سیاست نیوز) شہر میں اویسی اور مدھانی جنکشنس کے پاس ٹریفک کے مسائل ختم ہونے والے ہیں۔ قبل ازیں تیار کردہ پلان میں کی جانے والی تبدیلی کو حکومت نے گرین سگنل دے دیا ہے اور اس مناسبت سے بلدیہ جلد از جلد کام شروع کرنے کے اقدامات کررہی ہے۔ ایس آر ڈی پی کے تحت اویسی جنکشن کے پاس فلائی اوور اور انڈر پاس تو مدھانی جنکشن کے پاس انڈر پاس تعمیر کئے جانے کا فیصلہ کیا گیا تھا مگراس پراجکٹ کے خلاف پرانے شہر کی عوام نے یہ کہتے ہوئے اعتراض جتایا کہ بہت زیادہ خانگی جائیداد حاصل کرنا پڑیگا اور یہاں انڈر پاس کی تعمیرسے آئندہ میٹرو پراجکٹ کیلئے بھی مشکلات درپیش ہوں گی۔ لہذا عوام اور عوامی نمائندوں کے اعتراضات کو مدنظر رکھتے ہوئے انڈر پاس کے بجائے فلائی اوور ہی تعمیر کرنے سے متعلق پلان میں تبدیلی کی گئی ہے جس کی وجہ سے خانگی جائیداد بھی کم تعداد میں ہی حاصل کرنا پڑے گا اور عہدیداروں کے مطابق اویسی چوراستہ کے پاس 8 خانگی جائیدادیں حاصل کی جائیں گی۔ قبل ازیں اویسی اور مدھانی جنکشنس کے پاس دو فلائی اوورس اور دو انڈر پاس کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا تھا مگر اعتراضات کی وجہ سے دونوں جنکشنوں کو ملاتے ہوئے 1.5 کلو میٹر فلائی اوور تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چندرائن گٹہ کی جانب سے میدھانی جنکشن تک 600 میٹر کی دوری سے شروع ہونے والا فلائی اوور اویسی جنکشن ہوتے ہوئے ایل بی نگر کی روڈ کے چوراستہ پر 650 میٹر آگے جاکر ختم ہوتا ہے۔ مدھانی جنکشن کے پاس انڈر پاس کے بجائے فلائی اوور تعمیر کئے جانے کی وجہ سے اویسی جنکشن کے پاس اوٹرس تعمیر کی جائے گی جس سے سنتوش نگر کی جانب جانے کے لئے گریڈ سپریٹر تعمیر کیا جاسکتا ہے۔ 6 لائن 10.5 میٹر چوڑائی، 1.5 کلو میٹر طویل برج تعمیر کیا جائے گا۔