اوکھی طوفان :ا فواج نے 400لوگوں کو بچایا

نئی دہلی،3دسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) کیرالہ او ر تملناڈو کے بعد لکشدیپ اور آس پاس کے جزائر پر تباہی مچارہے طوفان اوکھی میں پھنسے لوگوں کو بچانے کیلئے بحریہ ، ساحل محافظ دستہ اور فضائیہ کے جانباز دن رات مصروف ہیں اور اب تک تقریباََ 400لوگوں کو بچایا جاچکا ہے ۔وزارت دفاع کے مطابق آج صبح دس بجے تک 357لوگوں کو محفوظ بچایا جاچکا ہے اور بچاؤ مہم ابھی جاری ہے ۔بحریہ کے ساگر دھونی، یمنا، نریکشک، کابرا اور کالپینی جہاز کیرالہ ساحل ، شاردا اور شاردل لکشدیپ میں بچاؤ مہم چلا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ بحریہ کا ٹوہی طیارہ ڈارنے ئر، سیکنگ ہیلی کاپٹر اور جدید ہلکے ہیلی کاپٹر دھرو بھی ان علاقوں میں مسلسل پرواز کررہے ہیں۔وزارت دفاع کے مطابق بحریہ نے تملناڈو اور کیرالہ کے سمندری علاقوں میں پھنسے 125لوگوں کو بچایا ہے وہیں ساحلی محافظ دستہ نے تقریباََ 200لوگوں کو سمندر سے نکالا ہے ۔ بحریہ نے بھی 15سے بھی زائد لوگوں کو بحفاظت محفوظ مقام پر پہنچایا ہے ۔ لکشدیپ اور آس پاس کے جزائر سے بھی اب تک تقریباََ 40لوگوں کو بچایا جاچکا ہے ۔