اوکلاہوما کے 12 کاونٹیز میں طوفان بادوباراں

دریاؤں اور جھاڑیوں نے کنارے توڑ دیئے، جان و مال کو خطرہ ، ہنگامی حالات نافذ
اوکلاہوما سٹی۔ 8 مئی (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کی ریاست اوکلاہوما کی 12 کاونٹیز میں ہنگامی حالات نافذ کردیئے گئے جبکہ وہاں پر شدید طوفان بادوباراں آیا۔ کینساس، نبراسکا اور ٹیکساس بھی طوفان بادوباراں کی زد میں آگئے۔ جمعرات کے دن زبردست بارش ہوئی جس کی وجہ سے دریائیں اور جھاڑیاں کناروں سے اوپر بہنے لگی۔ طوفان اور سیلاب کی وجہ سے سرکاری اور خانگی جائیدادوں کو شدید نقصان پہنچا۔ گورنر اوکلاہوما میری فالن نے اوکلاہوما کی 12 کاونٹیز میں ہنگامی حالات نافذ کردیئے کیونکہ طوفان بادوباراں سے عوام کی جان و مال کو نقصان کا اندیشہ تھا۔ علاوہ ازیں امن عامہ، صحت اور تحفظ بھی خطرہ میں پڑ گئے تھے۔ کم از کم 30 افراد طوفان کی وجہ سے زخمی ہوگئے۔ 42 سالہ اسکائی اسٹوورٹ آندھی سے بچنے کیلئے تہہ خانہ میں پناہ لے چکی تھی کیونکہ آندھی کا انتباہ جاری کیا گیا تھا لیکن موسلادھار بارش سے تہہ خانہ میں پانی بھر گیا۔ وہ پھنس گئی اور باہر نہ نکل سکی۔ اوکلاہوما سٹی میں چہارشنبہ کی رات اور جمعرات کی صبح پہلی بار سیلاب آیا۔ طوفان بادوباراں سے شدید مالی نقصان پہنچا۔