اوڈیشہ اسمبلی کی کارروائی دوسرے دن بھی مفلوج

بھونیشور۔26مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) اڈیشہ اسمبلی کی کارروائی آج دوسرے دن بھی درہم برہم ہوگئی ‘ جب اپوزیشن کانگریس اور بی جے پی سے برقی شرحوں میں اضافہ سے دستبرداری کے مطالبہ پر احتجاج میں شدت پیدا کردی ۔ برقی شرحوں میں اضافہ کا فیصلہ اڈیشہ الکٹریسٹی ریگولیٹری کمیشن نے کیا ہے ۔ اپوزیشن ارکان نے ہاتھوں میںبیانرس اٹھائے اور نعرے بلند کرتے ہوئے ایوان کے وسط میں اس وقت پہنچ گئے جب اپوزیشن لیڈر نریندر سنگھ مصرا نے وقفہ صفر کو معطل کر کے برقی شرحوں کے مسئلہ پر بحث کا مطالبہ کیا ۔ نظم و ضبط برقرار نہ رہنے پر اسپیکر نرنجن پجاری نے ایوان کی کارروائی آج تین مرتبہ ملتوی کردی اور تعطل کی یکسوئی کیلئے بزنس اڈوائیزری کمیٹی کا اجلاس طلب کیا ‘ تاہم یہ اجلاس کسی نتیجہ پر پہنچنے میں ناکام رہا کیونکہ اپوزیشن ارکان اضافی برقی شرحوں سے دستبرداری کے مطالبہ پر اٹل رہے جبکہ اسمبلی میں تعطل کیلئے اپوزیشن کو مورد الزام ٹہرایا ۔ کانگریس رکن انشمان مہنتی نے کہا کہ ہم نے اہم مسئلہ اٹھایا ہے ۔ برقی شرحوں میں دستبرداری پر ہی یہ مسئلہ حل ہوسکتا ہے ۔قبل ازیں کانگریس وفد نے کل گونر ایس سی جامیر سے ملاقات کر کے برقی شرحوں میں اضافہ سے کسانوں اور غریبوں کو درپیش مشکلات سے واقف کروایا تھا ۔