دکن ریڈیو کے راست نشریہ پروگرام میں ایم اے حمید کے سوال جواب
حیدرآباد ۔ 5 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : امبیڈکر اوپن یونیورسٹی اور اندرا گاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی ریاستی اور قومی سطح کے یونیورسٹیز ہیں جو یو جی سی مسلمہ ہیں ۔ ان کے ڈگری کی قدر و قیمت دیگر یونیورسٹیز کے مماثل ہے ۔ اوپن یونیورسٹیز میں ڈگری کے علاوہ سرٹیفیکٹ کورس ، ڈپلوما ، ڈگری ، پی جی ڈپلوما ، پی جی کورسز ہیں ۔ جو ڈاکٹریٹ سطح تک ہیں ۔ امیدوار ( مرد / خواتین ) اپنی مصروفیات کو جاری رکھتے ہوئے گریجویشن کی تکمیل کرسکتے ہیں ۔ ان معلومات کا ماہر تعلیم ایم اے حمید نے دکن ریڈیو کے راست نشریہ پروگرام میں سوالات کے جوابات دیتے ہوئے اظہار کیا اور بتلایا کہ اوپن یونیورسٹی میں داخلے کے بعد درسی کتب ، مواد فراہم کیا جاتا ہے ۔ اسٹڈی سنٹرس میں رابطہ کلاسیس ہوتی ہیں ۔ تلنگانہ ریاست کی ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی میں ذریعہ تعلیم تلگو ، انگلش کے ساتھ اردو بھی ہے ۔ ڈگری کے بعد اعلیٰ تعلیم کسی دوسری یونیورسٹی سے حاصل کرسکتے ہیں۔ پروفیشنل کورسز بی ایڈ ، لا وغیرہ کے لیے انٹر میڈیٹ اور ایس ایس سی بھی دیکھا جاتا ہے ۔ اس پروگرام میں فون پر ریکارڈ کئے گئے سوالات کے علاوہ دوران پروگرام پوچھے جانے والے سوالات اور شخصی طور پر اسٹوڈیو کے سوالات کو شامل کرتے ہوئے ان کے جوابات دئیے گئے ۔ محمد تمیز الدین نے اوپن یونیورسٹی سے ڈگری کے بعد یل یل بی میں داخلے کے لیے اہل نہ ہونے پر سوال کرتے ہوئے جواب حاصل کیا ۔ دیگر طلبہ اور سرپرستوں نے اپنے شکوک کو دور کیا ۔ پروگرام کوآرڈینٹر صدیقہ فاطمہ نے نہایت عمدگی کے ساتھ سوالات کو مرتب کرتے ہوئے شامل پروگرام کیا اور دوران پروگرام اس سے متعلقہ سوالات کے ذریعہ معلومات حاصل کی ۔ شہر کے علاوہ اضلاع سے بھی سوالات کئے گئے ۔ جناب زاہد فاروقی نے زیر نگرانی فہیم انصاری ، محمد منیر اور صفورہ نے پروگرام میں معاونت کی ۔ ایک گھنٹہ کے اس طویل پروگرام کا اختتام صدیقہ فاطمہ کے شکریہ پر ہوا ۔۔