اوپن اسکول سسٹم کے ایس ایس سی کی امتحانی فیس کی تاریخ میں توسیع ناگزیر

سینکڑوں امیدوار ادخال فیس سے محروم، تلنگانہ و آندھراپردیش حکومتوں کو غوروفکر کی ضرورت
حیدرآباد ۔ 8 ڈسمبر (سیاست نیوز) حکومت کی جانب سے فاصلاتی تعلیم کی طرز پر چلائے جانے والے اوپن اسکول سسٹم کے تحت ایس ایس سی امتحانات کی فیس کے ادخال کی تاریخ میں توسیع ناگزیر ہے۔ حکومت آندھراپردیش و تلنگانہ کی جانب سے چلائے جانے والے اوپن ایس ایس سی امتحانات کیلئے فیس کی ادائیگی کی تاریخ دو یوم قبل ختم ہوچکی ہے اور کئی طلبہ اس اسکیم سے استفادہ حاصل نہیں کر پائے ہیں لیکن اگر آندھراپردیش اوپن اسکول سسٹم اور تلنگانہ اوپن اسکول سسٹم کی جانب سے اگر اس تاریخ میں مزید 15 یوم کی توسیع فراہم کی جاتی ہے تو ایسی صورت میں ہزاروں ایسے طلبہ جو ترک تعلیم پر مجبور ہوچکے تھے وہ دوبارہ تعلیمی سلسلہ کا آغاز کرسکتے ہیں۔ روایتی تعلیم سے ہٹ کر فراہم کی جانے والی فاصلاتی طرز کی تعلیم کے امتحانات میں ایس ایس سی امتحان کو کلیدی اہمیت حاصل ہے اور حکومت کے اس منصوبہ سے لاکھوں طلبہ استفادہ کرتے ہوئے دوبارہ سلسلہ تعلیم کا آغاز کررہے ہیں لیکن جاریہ تعلیمی سال کے دوران ریاست کی تقسیم و دیگر حالات کے باعث اوپن اسکول سسٹم کے متعلق نوجوانوں، اسکول انتظامیہ کے علاوہ خود عہدیداروں میں اطمینان نہیں تھا جس کے سبب جاریہ سال ہزاروں امیدوار اوپن ایس ایس سی یا انٹر امتحان میں شرکت کیلئے فیس ادا نہیں کر پائے ہیں۔ دونوں ریاستوں کی حکومتوں کی جانب سے اگر ترک تعلیم کے بعد دوبارہ سلسلہ تعلیم کا آغاز کرنے کے خواہشمند امیدواروں کو مزید 15 یوم فراہم کئے جاتے ہیں تو ایسی صورت میں دونوں ریاستوں کے خواندگی کے فیصد میں بہتری پیدا ہوسکتی ہے۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے اگر اوپن اسکول سسٹم کے اہلکاروں کو ہدایات جاری کی جاتی ہیں تو ازسرنو درخواستوں کی وصولی کا عمل شروع ہوسکتا ہے اور طلبہ فیس داخل کرنے میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے بموجب اوپن اسکول سسٹم کے اعلیٰ عہدیدار تاریخ میں توسیع کیلئے تیار ہیں لیکن انہیں سرکاری طور پر ہدایات موصول ہونے کا انتظار ہے۔ اگر سرکاری طور پر انہیں ہدایات دی جاتی ہیں تو ایسی صورت میں ہزاروں امیدواروں کو فائدہ ہوسکتا ہے۔ محکمہ تعلیم کے اعلیٰ عہدیدار اس سلسلہ میں توجہ مبذول کرتے ہوئے چالان کے ساتھ فیس کی ادائیگی کا موقع فراہم کرتے ہیں تو امیدواروں کی بڑی تعداد جوکہ ایس ایس سی و انٹر روایتی امتحانات کی فیس داخل کرنے میں ناکام ہے وہ بھی اوپن اسکول سسٹم کے ذریعہ ایس ایس سی و انٹر کی امتحانی فیس جمع کرواتے ہوئے قیمتی سال کو ضائع ہونے سے بچا سکتے ہیں۔