اوپن اسکول ایس ایس سی و انٹر کے امتحانات ِآئندہ ماہ مقرر

حیدرآباد27  ستمبر (سیاست نیوز) ایس ایس سی کے مماثل اوپن اسکول ایس ایس سی کے امتحانات کا 10 اکٹوبر سے آغاز ہوگا۔ تلنگانہ اوپن اسکول سوسائٹی کی جانب سے اوپن ایس ایس سی اور انٹرمیڈیٹ امتحانات کے انعقاد کے لئے آئندہ دو یوم میں ٹائم ٹیبل کی اجرائی متوقع ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ اوپن اسکول سوسائٹی نے ان امتحانات کے انعقاد کے لئے ٹائم ٹیبل تیار کرلیا ہے اور 10 اکٹوبر سے امتحانات کا آغاز ہوگا جس کے لئے شہر کے مختلف مقامات پر مراکز قائم کئے جائیں گے۔ روایتی تعلیم حاصل نہ کرنے والے طلبہ کے لئے ایس ایس سی کامیاب کرنے کا یہ ایک زرین موقع ہے جس سے استفادہ کرتے ہوئے نوجوان اپنے مستقبل کو تابناک بناسکتے ہیں۔ ایس ایس سی اور انٹر کے مماثل اِن امتحانات میں شرکت کے لئے طلبہ کو کورس میں داخلہ حاصل کرنا ہوتا ہے اور ماہ مئی 2016ء میں منعقد ہونے والے امتحانات میں حصہ لینے کے لئے خواہشمند طلبہ 29 ستمبر سے قبل فیس ادا کرتے ہوئے اوپن ایس ایس سی یا انٹرمیڈیٹ میں داخلہ حاصل کرتے ہوئے مماثل کورس کے امتحانات میں شرکت کے اہل قرار پاسکتے ہیں۔ 10 اکٹوبر سے شروع ہورہے امتحانات میں شرکت کرنے والے طلبہ کے ہال ٹکٹس کی اجرائی کا عمل شروع ہوچکا ہے اور خواہشمند طلبہ آن لائن اپنے ہال ٹکٹس ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔