حیدرآباد ۔ /31 مارچ (سیاست نیوز) انڈین اوورسیز بینک میڑچل برانچ میں آج مہیب آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا جس میں بینک کا فرنیچر ، سی سی ٹی وی کیمرے اور دیگر اشیاء جلکر خاکستر ہوگئے ۔ بینک کے اسسٹنٹ منیجر بی رامو نے پولیس میں کی گئی شکایت میں بتایا کہ آج صبح انہیں یہ اطلاع ملی کہ بینک کی عمارت سے اچانک دھواں نکلتا ہوا دیکھا گیا جس کے نتیجہ میں مقامی پولیس اور فائر کنٹرول کو اطلاع دی گئی جس کے نتیجہ میں دو فائر انجن بینک پہونچ کر دو گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا گیا ۔ اس واقعہ میں بینک کے کمپیوٹر سسٹمس ، نوٹ گننے کی مشینیں ، کیبل ، پاس بک پرنٹر ، سی سی ٹی وی کیمرے ، مکمل فرنیچر جن کی مالیت 15 لاکھ ہے جلکر خاکستر ہوگئی ۔ بینک حکام نے یہ شبہ ظاہر کیا کہ شارٹ سرکٹ کے نتیجہ میں یہ واقعہ پیش آیا ہوگا ۔ ٹپہ چبوترہ میں پیش آئے ایک اور واقعہ میں فرنیچر گودام جلکر خاکستر ہوگیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ مہاویر نگر ، گڈی ملکاپور میں واقع لکڑی کے فرنیچر کے گودام میں آج رات دیر گئے آگ لگ گئی جس کے نتیجہ میں علاقے میں سنسنی پھیل گئی ۔ ٹپہ چبوترہ کے سب انسپکٹر نرسمہا نائک جائے حائے حادثہ پر پہونچ کر فائر کنٹرول آگاہ کیا جس کے نتیجہ میں 3 فائر انجن وہاں پہونچ گئے اور آگ پر قابو پانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ فائر انجن عملہ نے فرنیچر گودام میں داخل ہوکر آگ پر قابو پانے کی کوشش جاری رکھی اور وہاں پر واٹر ٹینکرس کو بھی طلب کرلیا گیا ۔ شبہ کیا جارہا ہے کہ شارٹ سرکٹ کے نتیجہ میں یہ حادثہ پیش آیا ہوگا ، پولیس ٹپہ چبوترہ نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔