حیدرآباد۔/29ڈسمبر، ( سیاست نیوز) اوورسیز اسکالر شپ اسکیم کیلئے درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ میں 10جنوری تک توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس اسکیم کے تحت آن لائن درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ 29 ڈسمبر کو ختم ہوگئی۔ بتایا جاتا ہے کہ دوسرے مرحلہ کے تحت طلب کی گئی درخواستوں میں تاحال 300درخواستیں آن لائن داخل کی گئی ہیں۔ حالیہ دنوں مختلف تعطیلات کے سبب طلباء کو درکار دستاویزات کی تیاری میں دشواری پیش آئی لہذا حکومت سے نمائندگی کی گئی کہ تاریخ میں توسیع کی جائے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے 10جنوری تک تاریخ میں توسیع کیلئے ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کو ہدایت دی ہے۔ اس سلسلہ میں محکمہ کی جانب سے سی جی جی حکام کو اطلاع دی جائے گی تاکہ آن لائن سسٹم کو جاری رکھا جائے۔ اوورسیز اسکالر شپ اسکیم کے پہلے مرحلہ میں 210 امیدواروں کو منتخب کیا گیا جبکہ دوسرے مرحلہ کی درخواستوں کا ادخال کا سلسلہ ابھی جاری ہے۔ حکومت نے اس اسکیم کیلئے 25کروڑ روپئے بجٹ مختص کیا تھا جس میں سے 12کروڑ جاری کردیئے گئے تاہم پہلے مرحلہ کے منتخب طلباء میں اسکالر شپ کی پہلی قسط کی اجرائی ابھی باقی ہے۔ کئی طلباء اور ان کے سرپرستوں نے تاریخ میں توسیع کے سلسلہ میں روز نامہ ’سیاست‘ سے ربط قائم کیا جس پر سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل سے نمائندگی کی گئی اور انہوں نے 10جنوری تک توسیع سے فوری طور پر اتفاق کرلیا۔