اوورسیز اسکالرشپ کے منتخب امیدواروں میں رقم کی اجرائی

رمضان گفٹ پیاک کی تقسیم مکمل ، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم کا بیان
حیدرآباد ۔ 13 ۔جون (سیاست نیوز) ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم آئی پی ایس نے بتایا کہ اوورسیز اسکالر شپ اسکیم کے 2017 ء کے منتخب امیدواروں کو پہلی قسط کی اجرائی کا کام جاری ہے۔ حکومت نے پہلے مرحلہ میں 25 کروڑ روپئے جاری کئے جو امیدواروں کی پہلی قسط کے طور پر تقسیم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مزید ایسے امیدوار باقی ہیں جنہیں پہلی قسط ادا نہیں کی گئی۔ محکمہ ا قلیتی بہبود سے دوسری قسط کی اجرائی کے بعد باقی امیدواروں کو رقم جاری کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 2018 ء کے لئے اقلیتی امیدواروں سے درخواستیں طلب کی گئیں ہیں اور 31 جولائی آخری تاریخ مقرر کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک کی یونیورسٹیز میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کے بارے میں اقلیتی طلبہ میں کافی دلچسپی دیکھی جارہی ہے۔ عیدالفطر کے بعد مذکورہ اسکیم کی ریاست بھر میں بہتر انداز میں تشہیر کی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ استفادہ کرسکتے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے غریب مسلمانوں میں گفٹ پیاک کی تقسیم کا عمل مکمل ہوچکا ہے ۔ ریاست کی 800 مساجد میں فی کس 500 پیاکٹس تقسیم کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ نظام آباد ، محبوب نگر ، کریم نگر ، رنگا ریڈی ، حیدرآباد اور راما گنڈم کے کلکٹرس نے مزید گفٹ پیاک روانہ کرنے کی خواہش کی۔ محکمہ اقلیتی بہبود نے 50000 زائد گٹ پیاک تیار کئے تھے جو اضلاع کو روانہ کئے جارہے ہیں۔ شاہنواز قاسم نے ان اطلاعات کو بے بنیاد قرار دیا کہ رمضان گفٹ پیاک کی تقسیم ابھی باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقررہ پروگرام کے علاوہ 50,000 زائد پیاکٹس تیار کئے گئے تاکہ زائد مسلم آبادی والے علاقوں میں روانہ کئے جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کلکٹرس کو وقف بورڈ سے چار کروڑ 50 لاکھ کی اجرائی عمل میں آئی ہے تاکہ اضلاع میں مساجد اور عیدگاہوں کی آہک پاشی اور مرمت کیلئے گرانٹ ان ایڈ جاری کی جائے ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں ائمہ اور مؤذنین کے ماہانہ اعزازیہ کے بقایہ جات کی اجرائی مکمل ہوچکی ہے۔