اوورسیز اسکالرشپ کیلئے امیدواروں کا عنقریب انتخاب

محکمہ اقلیتی بہبود کو 421 درخواستیں موصول ، سید عمر جلیل کا انکشاف
حیدرآباد۔/27جنوری، ( سیاست نیوز) اقلیتی طلباء کیلئے بیرونی ممالک کی یونیورسٹیز میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے اوورسیز اسکالر شپ اسکیم کے تیسرے مرحلہ کے امیدواروں کا جلد انتخاب کیا جائے گا۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے بتایا کہ 20لاکھ روپئے تعلیمی امداد سے متعلق اسکیم کیلئے محکمہ اقلیتی بہبود کو 421 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ ریاستی سطح کی سلیکشن کمیٹی کا اجلاس جلد منعقد کرتے ہوئے اہل امیدواروں کا انتخاب کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ دیگر طبقات کی طرح حکومت نے اقلیتی طلباء کیلئے بھی تعلیمی امداد کی رقم کو 10لاکھ سے بڑھا کر 20لاکھ کردیا ہے۔ ابتدائی دو مرحلوں کے منتخب امیدواروں کو 10 لاکھ روپئے ہی ادا کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسکیم کے تحت گذشتہ سال پہلے مرحلہ میں 226 امیدواروں کا انتخاب کیا گیا تھا جن میں سے 206 امیدواروں کو فی کس 10 لاکھ 60 ہزار روپئے ادا کئے گئے۔ 19 امیدواروں نے تفصیلات داخل نہیں کی جس کے باعث رقم جاری نہیں کی گئی۔ دوسرے مرحلہ کے 236 منتخب طلباء میں 106 امیدواروں کو پہلی قسط جاری کردی گئی ہے جبکہ مزید 130 کو رقم کی اجرائی باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اس اسکیم کیلئے درکار بجٹ کی اجرائی سے اتفاق کیا ہے۔ بجٹ کی اجرائی کے ساتھ ہی باقی طلباء کو بھی پہلی قسط کی رقم جاری کردی جائے گی۔ تیسرے مرحلہ کے امیدواروں کو نئی اسکیم کے تحت 20لاکھ روپئے ادا کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اس اسکیم کے سلسلہ میں کافی سنجیدہ ہیں اور انہوں نے درکار بجٹ کی اجرائی کا تیقن دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زائد درخواستوں کی وصولی کی صورت میں حقیقی مستحق اور اہل طلباء کے انتخاب کیلئے شرائط میں بعض تبدیلیاں کی جاسکتی ہیں تاکہ غریب طلباء کو اسکیم سے فائدہ پہنچے۔ ایسے طلباء جنہوں نے دوسرے سیمسٹر کیلئے درخواست داخل کی ہے ان کی درخواستوں پر سلیکشن کمیٹی کے اجلاس میں جائزہ لیا جائے گا۔