مزید امیدواروں کی گنجائش نہیں، اکتوبر میں نئی درخواستوں کی طلبی: شاہنواز قاسم
حیدرآباد ۔ 26۔ستمبر (سیاست نیوز) اقلیتی طلبہ کیلئے بیرونی ممالک کی یونیورسٹیز میں اعلیٰ تعلیم سے متعلق تعلیمی امداد کی اسکیم چیف منسٹر اوورسیز اسکالرشپ کے تحت اسپرنگ سیزن میں 250 امیدواروں کا انتخاب کیا گیا ہے۔ حکومت نے ہر سال اسپرنگ اور فال سیزنس میں جملہ 500 اقلیتی طلبہ کو اسکالرشپ فراہم کرنے کا نشانہ مقرر کیا ہے۔ اس اسکیم کے لئے 60 فیصد نشانات حاصل کرنے والے امیدوار درخواست دینے کے اہل ہیں۔ گزشتہ دنوں اسپرنگ سیزن کے منتخب کردہ 250 امیدواروں کے نشانات 88 تا 68 فیصد رہے ، لہذا ان سے کم نشانات کے حامل طلبہ اسکیم سے استفادہ سے محروم ہوگئے ۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم آئی پی ایس نے بتایا کہ ہر سیزن کیلئے 250 امیدواروں کا انتخاب کیا جاتا ہے اور خالص میرٹ کی بنیاد پر امیدواروں کی فہرست تیار کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسپرنگ سیزن کیلئے مزید طلبہ کے انتخاب کی کوئی گنجائش نہیں ہے کیونکہ حکومت نے 250 امیدواروں کا کوٹہ مقرر کردیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسکیم کیلئے جملہ 612 درخواستیں موصول ہوئی تھیں جن میں 428 امیدوار اہل پائے گئے۔ ان میں سے میرٹ کی بنیاد پر 250 کا انتخاب کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ فال سیزن کیلئے اکتوبر ۔ نومبر میں درخواستیں طلب کی جاتی ہیں۔ گزشتہ سال منتخب کئے گئے طلبہ کو پہلی قسط کی عدم اجرائی سے متعلق شکایت پر ڈائرکٹر اقلیتی بہبود نے بتایا کہ اسنادات کی پیشکشی میں تساہل کے نتیجہ میں یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے اور ایسے امیدواروں کی تعداد 10 سے بھی کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض امیدواروں نے مکمل ڈاکومنٹس داخل نہیں کئے ۔ یونیورسٹی میں داخلہ سے متعلق درخواست میں پیش کردہ تفصیلات داخل نہیں کی گئی ۔ اکثر ایسا ہوتا ہے کہ امیدوار ایک یونیورسٹی کا نام بتاکر دوسری یونیورسٹی میں داخلہ حاصل کرتے ہیں۔ اسی طرح کورس بھی تبدیل کرلیا جاتا ہے۔ ایسی صورت میں محکمہ اقلیتی بہبود تعلیمی امداد کی اجرائی سے قاصر ہے۔ ایسے طلبہ جنہیں پہلی قسط جاری نہیں ہوئی ، وہ راست طور پر ڈائرکٹر اقلیتی بہبود سے ایل آئی سی بلڈنگ عابڈس پر رجوع ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کے ایسے طلبہ جن کو دوسری قسط کا انتظار ہے، حکومت سے بجٹ کی اجرائی کے ساتھ ہی رقم جاری کردی جائے گی۔ محکمہ اقلیتی بہبود نے 50 کروڑ روپئے کی اجرائی کیلئے حکومت سے سفارش کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے سہ ماہی کا بجٹ جاری کیا گیا جس سے گزشتہ سال کے امیدواروں کو پہلی قسط جاری کی گئی ۔ حکومت 50 کروڑ روپئے جاری کرتے ہی گزشتہ سال کے امیدواروں کو دوسری قسط اور جاریہ سال کے امیدواروں کو پہلی قسط جاری کردی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز اسکالرشپ اسکیم کے سلسلہ میں اقلیتی امیدوار کسی بھی غلط فہمی کا ازالہ راست ان سے ملاقات کے ذریعہ کرسکتے ہیں۔ امیدواروں کو یہ غلط فہمی رہتی ہے کہ 60 فیصد سے زائد نشانات انہیں اسکیم میں شامل کردیں گے ۔ دراصل 60 فیصد اہلیتی نشانات ہیں اور امیدواروں کا انتخاب میرٹ کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔