اوورسیز اسکالرشپ اسکیم کی درخواستوں کی جانچ

اضلاع کی درخواستوں کی یکسوئی ، 250 طلبہ کے انتخاب کا نشانہ

حیدرآباد ۔ 28۔ اگست (سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدیداروں نے اوورسیز اسکالرشپ اسکیم کی درخواستوں کی جانچ کا کام شروع کردیا ہے۔ حکومت نے درخواستوںکی جانچ کیلئے 4 رکنی اسکروٹنی کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم ، سکریٹری اقامتی اسکول سوسائٹی بی شفیع اللہ ، مینجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن ایم اے وحید اور سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور شامل ہیں۔ تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر کے ساتھ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا اور اضلاع کی درخواستوں کی جانچ مکمل کرلی گئی ۔ اوورسیز اسکالرشپ اسکیم کیلئے جملہ 622 درخواستیں داخل کی گئیں جن میں حیدرآباد سے سب سے زیادہ 439 درخواستیں داخل ہوئی ہے ۔ اضلاع کی درخواستوں کی جانچ کے دوران تقریباً 99 درخواستوں کو نامکمل اور مقررہ قواعد کے مطابق نہیں پایا گیا جس کے سبب انہیں مسترد کردیا گیا۔ جاریہ سال حکومت 250 امیدواروں کو اوورسیز اسکالرشپ منظور کرنے کا نشانہ رکھتی ہے۔ امیدواروں کا انتخاب مجموعی نشانات 60 فیصد کی بنیاد پر کیا جائے گا اور اگر امیدواروں کی تعداد 250 سے زائد ہوجائے تو میرٹ کی بنیاد پر انتخاب ہوگا۔ بتایا جاتا ہے کہ حیدرآباد و رنگا ریڈی کی درخواستوں کی جانچ کیلئے اسکروٹنی کمیٹی کا اجلاس دوبارہ منعقد ہوگا۔ حکومت کی جانب سے بجٹ کی عدم اجرائی کے سبب گزشتہ اسکیم کے بیشتر امیدواروں کو اسکالرشپ کی دوسری قسط تاحال ادا نہیں کی گئی۔
اے پی میں گوگل کی وائی فائی سرویس
نئی دہلی 28 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) گوگل نے آج کہاکہ اُس نے آندھراپردیش اسٹیٹ فائبر نیٹ لمیٹیڈ کے ساتھ شراکت میں ریاست کے زائداز 12ہزار دیہات میں وائی فائی سرویس فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔