تلنگانہ اضلاع کے موصولہ جملہ 513 درخواستوں کا جائزہ اور تنقیح
حیدرآباد۔/22ستمبر، ( سیاست نیوز) اقلیتی طلبہ کو بیرون ملک یونیورسٹیز میں تعلیم کے حصول پر امداد سے متعلق اوورسیز اسکالر شپ اسکیم کیلئے اہل اور مستحق امیدواروں کے انتخاب کا مرحلہ مکمل کرلیا گیا ہے۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ محکمہ اقلیتی بہبود کے اعلیٰ عہدیداروں نے ریاست کے تمام اضلاع سے موصولہ 513درخواستوں کا جائزہ لیا اور حکومت کی جانب سے اس اسکیم کیلئے جاری کی گئی شرائط کی بنیاد پر اہل امیدواروں کی فہرست تیار کی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ 211 امیدواروں کو اہل قرار دیا گیا ہے اور سی جی جی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردیا جائے گا اور امیدوار اپنی درخواست کے موقف کے بارے میں آن لائن معلومات کرسکتے ہیں۔ محکمہ کے ذرائع کے مطابق ویب سائٹ پر صرف امیدوار اپنے نام اور درخواست فارم کی تفصیلات درج کرتے ہوئے موقف کے بارے میں معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔ پہلے مرحلہ میں 280امیدواروں کو شارٹ لسٹ کیا گیا تھا تاہم حکومت کی شرائط کی سختی سے پابندی کرتے ہوئے مزید امیدواروں کو اسکیم سے علحدہ کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ جی آر ای اور جی میٹ امتحانات میں شرکت نہ کرنے والے امیدوار اسکیم کیلئے اہل نہیں ہیں۔ حکومت نے اسکیم کی شرائط میں ان دونوں امتحانات کو شامل رکھا ہے۔ اگرچہ بعض یونیورسٹیز میں داخلے کیلئے جی آر ای اور جی میٹ لازمی نہیں ہیں لیکن حکومت نے طلبہ کے مستند اور نامور یونیورسٹیز میں داخلہ کو یقینی بنانے کیلئے جی آر ای اور جی میٹ کی شرط کو برقرار رکھا ہے۔ اس اسکیم کے تحت حکومت نے 25کروڑ روپئے مختص کئے تھے اور بجٹ کی اجرائی کے بعد اسکیم پر عمل آوری کا آغاز ہوگا۔