عنقریب درخواستوں کی یکسوئی ، نوجوانوں کو روزگار سے جوڑنے بلدیہ کی حکمت عملی
حیدرآباد۔ 3؍نومبر (سیاست نیوز)۔ ’’کار ڈرائیور کے ساتھ کار کے مالک بنئے‘‘ کے منصوبہ کے تحت مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کو جملہ 665 درخواستیں وصول ہوئی ہیں۔ جی ایچ ایم سی نے دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں نوجوانوں میں پھیلی بے روزگاری کو دُور کرنے کے لئے کار کے ڈرائیور اور مالک اسکیم کا آغاز کرتے ہوئے درخواستیں طلب کی تھیں اور اس ہفتہ مزید 250 گاڑیوں کی حوالگی کے منصوبہ کے مطابق مختلف سرکلس سے درخواست طلب کی گئی تھیں۔ کاپرا سرکل سے 60 درخواستیں وصول ہوئی ہیں جب کہ اُپل میں 38 نوجوانوں نے درخواست داخل کی ہیں۔ ایل بی نگر سے 126 نوجوان درخواست داخل کرچکے ہیں۔ چارمینار سرکل 4 سے 60 درخواست گزاروں نے درخواستیں داخل کی ہیں جب کہ سرکل 5 سے صرف 21 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ راجندرنگر سے 15 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ اس طرح ساؤتھ زون سے جملہ 96 درخواستیں داخل کی گئی ہیں۔ خیریت آباد سے 34 درخواستیں داخل کی جاچکی ہیں جب کہ عابڈس سرکل 8 سے 6 درخواستیں داخل ہوئی ہیں۔ سرکل 9 میں جملہ 23 درخواستیں داخل کی گئی ہیں۔ خیریت آباد سرکل 10 میں 50 درخواستیں داخل کی جاچکی ہیں۔ اس طرح سنٹرل زون سے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کو 113 درخواست وصول ہوچکی ہیں۔ سیری لنگم پلی سرکل 11 سے 28 درخواستیں داخل کی گئی ہیں جب کہ سرکل 12 سے 12 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ آر سی پورم سے 16 درخواستیں داخل کی گئی ہیں اور کوکٹ پلی سے 60 درخواستیں داخل کی جاچکی ہیں۔ ویسٹ زون سے جملہ 116 درخواستیں داخل ہوئی ہیں۔ قطب اللہ پور سے 27 درخواستیں، الوال سے 28 اور ملکاجگری سے 21 درخواستیں داخل کی گئی ہیں۔ سکندرآباد سے 40 درخواستیں داخل کی جاچکی ہیں۔ اس طرح نارتھ زون سے بھی 116 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے معلنہ ’’ڈرائیور کم اونر‘‘ اسکیم کے تحت عہدیداروں نے اس بات کا فیصلہ کیا تھا کہ اس اسکیم کے استفادہ کنندگان میں بلدیہ کا طرز انتخاب ترجیحی بنیادوں پر بلدیہ کے ساتھ کرائے کی گاڑیوں کے ذریعہ خدمات انجام دینے والے ڈرائیورس کا کیا جائے گا تاکہ اُن ڈرائیورس کو ایک کار کا مالک بھی بنایا جاسکے۔ بلدی عہدیداروں کو آج موصولہ درخواستوں کو آئندہ چند یوم کے دوران قطعیت دیتے ہوئے درخواست گزاروں کو انتخاب کے متعلق واقف کروایا جائے گا۔