نئی دہلی ۔ 29 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر آبی وسائل اوما بھارتی ماہ اکتوبر میں گنگوتری سے گنگا ساگر تک پد یاترا کریں گی تاکہ نمامی گنگے پروگرام پر عمل آوری کا جائزہ لیا جاسکے ۔ تاہم ان کے اس اقدام پر سیاسی حلقوں میں اعتراض کیا جارہا ہے اور یہ الزام عائد کیا کہ آئندہ سال اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے پیش نظر مذکورہ یاترا شروع کی جارہی ہے جبکہ اوما بھارتی کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ مرکزی وزیر کی پد یاترا کا نیک مقصد ہے جسے سیاست سے نہیں جوڑنا چاہئے کیونکہ گنگا کی صفائی سے متعلق کاموں میں سیاست ضائع ہوجاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ پد یاترا ماہ اکتوبر میں گنگا ساگر سے شروع ہوگی۔ تاہم اوما بھارتی کو پد یاترا شروع کرنے سے قبل وزیراعظم نریندر مودی سے اجازت حاصل کرنی ہوگی۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ مرکز نے دریائے گنگا کے کنارے واقع متعدد ریاستوں میں 250 پروگرامس شروع ک ئے تھے جبکہ مرکزی حکومت نے دریائے گنگا کی صفائی کیلئے نمامی گنگا پراجکٹ شروع کیا ہے۔