اومان میں مہاراشٹرا کا خاندان سیلاب میں لاپتہ

ممبئی 20 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) مہاراشٹرا کے بیڑ ضلع سے تعلق رکھنے والا مہاراشٹرا کا ایک خاندان اومان میں آئے سیلاب میں لاپتہ ہوگیا ہے ۔ یہ لوگ اومان کے دورے پر گئے ہوئے تھے ۔ ممبئی پولیس نے یہ بات بتائی ۔ ایک عہدیدار نے کہا کہ یہ حادثہ ہفتہ کو اس وقت پیش آیا جب خیر اللہ خان کا خاندان وادی بنی خالد گیا ہوا تھا جو معروف سیاحتی مقام ہے ۔ یہ مسقط سے 125 کیلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے ۔ کہا گیا ہے کہ خیر اللہ خان مالیگاوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان کے ساتھ ان کی شریک حیات شہانہ ‘ ان کی بہو عرشی اور تین پوتے پوتیاں بشمول ایک 28 سالہ شخص اومان گئے ہوئے تھے جو وہاں کام کرتے ہیں۔ جب یہ لوگ وادی بنی خالد پہونچے وہاں شدید بارش اور تیز ہواوں کا طوفان آگیا اور یہ لوگ آگے نہیں بڑھ سکے ۔ اس کے بعد سے یہ لوگ لا پتہ بتائے گئے ہیں۔ ان کی تلاش جاری ہے ۔