اولڈ کسٹم بستی بیگم پیٹ میں مسلم قبرستان کے لیے حکومت کی کوششیں تیز

ضرورت پڑنے پرحیدرآباد پبلک اسکول کی زمین حاصل کی جائے۔ٹی سرنیواس کی حکام کو ہدایت
حیدرآباد /22 اپریل ( سیاست نیوز ) ۔شہرحیدرآباد کے اولڈ کسٹم بستی بیگم پیٹ میں مسلم قبرستان کے قیام کے لیے ضرورت پڑنے پرحیدرآبادپبلک اسکو ل کی اراضی حاصل کی جاسکتی ہے ۔سکریٹریٹ میں منعقدہ ایک جائزہ اجلاس کے دوران ضلع رنگاریڈی کے کلکٹر رگھونندن نے وزیرکمرشیل ٹیکسس وسینماٹوگرافی ٹی سرنیواس کو بتایاکہ حکومت نے حیدرآباد پبلک اسکول کو زمین لیزپردی ہے ۔اورضرورت پڑنے پرتلنگانہ حکومت ایچ پی ایس کی زمین کوواپس حاصل کرسکتی ہے۔جس کے بعد ریاستی وزیرٹی سرنیواس نے ضلع کلکٹررنگاریڈی سمیت حیدرآباد اور رنگاریڈی میں محکمہ ریونیو کے حکام کواولڈ کسٹم بستی بیگم پیٹ میں مسلم قبرستان کا قیام عمل میں لایا جائے ۔ اس جائزہ اجلاس میں حیدرآباد اور رنگاریڈی میں محکمہ ریونیو کے حکام نے شرکت کی ۔ اس موقع پر حکام نے ریاستی وزیر کو بتایا کہ اولڈ کسٹم بستی بیگم پیٹ میں مسلم قبرستان کے قیام کے لیے دو مرتبہ سروے کیاگیا۔

ٹی سرنیواس نے حکام کو بتایاکہ تلنگانہ کے وزیراعلیٰ کے چندرشیکھرراؤ مسلم قبرستان کے قیام کے لیے سنگ بنیادرکھناچاہتے ہیں۔اس لیے مسلم قبرستان کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جانے چاہیے۔ٹی سرنیواس نے کہا کہ اولڈ کسٹم بستی کے مسلمان گذشتہ 11سال سے مسلم قبرستان کے قیام کا مطالبہ کررہے ہیں۔ اور وزیراعلیٰ نے بھی مسلمانوں کے مطالبہ پرمثبت ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے مسلم قبرستان کے قیام کا وعدہ کیاہے۔اس لیے حکام کو چاہیے کہ وہ مسلم قبرستان کے قیام کے لیے ممکنہ اقدامات کریں۔رنگاریڈی کے ضلع کلکٹررگھونندن اور ریونیوحکام نے ریاستی وزیرکو بتایا کہ ایچ پی ایس کے انتظامیہ سے بات چیت کرکے زمین دوبارہ حاصل کرنے کی کوشش کی جائیگی۔تاکہ اولڈ کسٹم بستی بیگم پیٹ میں مسلم قبرستان قائم کیا جاسکے۔ ٹی سرنیواس نے حکام کو بتایا کہ وزیراعلیٰ کے چندرشیکھرراؤ آئندہ ماہ کے پہلے ہفتے میں مسلم قبرستان کا سنگ بنیادرکھناچاہتے ہیں۔

اس لیے اولڈ کسٹم بستی بیگم پیٹ میں مسلم قبرستان کے قیام کے لیے جلدہی 2ایکڑزمین الاٹ کی جائے۔ بالانگرتحصیلدارنرسمہا ریڈی نے بتایا کہ مسلم قبرستان کے لیے زمین کی نشاندہی کو یقینی بنانے کے لیے حیدرآباد اور رنگاریڈی کے محکمہ ریوینوکی جانب سے مشترکہ لینڈ سروے کرانے کی سفارش ضلع کلکٹر رنگارریڈی کو روانہ کی گئی تھی ۔جس کے بعد دو مرتبہ مشترکہ سروے کیا گیا ۔ نرسمہاریڈی کا کہناہے کہ بیگم پیٹ ۔فتح نگر لنک روڈ کے عقب میں حیدرآباد پبلک اسکول سے متصلہ زمین ،مسلم قبرستان کے لیے الاٹ کرنے پر غور کیا جارہا ہے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ حیدرآباد اور رنگاریڈی نے کلکٹروں کی جانب سے مجوزہ مسلم قبرستان کے لیے زمین الاٹ کرنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔محکمہ ریونیوکے حکام کا کہناہے وزیراعلیٰ کے چندرشیکھرراؤ کی جانب سے کیے گئے وعدے کوپورا کرتے ہوئے بیگم پیٹ اولڈ کسٹم بستی میں مسلم قبرستان کے لیے 2ایکڑزمین الاٹ کی جائیگی۔ذرائع کا کہناہے کہ ریاستی وزیر ٹی سرینواس صنعت نگر کے ضمنی انتخابات کا اعلان ہونے سے پہلے مسلم قبرستان کے لیے زمین الاٹ کراناچاہتے ہیں۔ تحریک مسلم قبرستان کمیٹی کا کہناہے کہ ٹی سرنیواس کی شخصی دلچسپی کی وجہ سے گذشتہ11سالہ مسلم قبرستان کے قیام کا خواب جلد ہی پورا ہوجائیگا۔