تحریک مسلم قبرستان کمیٹی کا احتجاج،وائی ایس آرکانگریس پارٹی کی تائید و حمایت
حیدرآباد/22 فروری (سیاست نیوز)اولڈ کسٹم بستی بیگم پیٹ میں مسلم قبرستان کے قیام کے لئے تحریک مسلم قبرستان کمیٹی کی جدوجہد جاری ہے ۔اولڈ کسٹم بستی بیگم پیٹ میں تحریک مسلم قبرستان کے کمیٹی نے متعلقہ رکن اسمبلی صنعت نگر و نائب صدر نشین نیشنل ڈائزسٹرمنیجمنٹ اتھاریٹی ایم ششی دھرریڈی کے خلاف احتجاج کیا۔احتجاجیوں نے رکن اسمبلی کا علامتی پتلا بھی نذرآتش کیا۔ کمیٹی کاکہناہے کہ ششی دھرریڈی نے اولڈکسٹم بستی بیگم پیٹ میں مسلم قبرستان کے لئے زمین فراہم کرنے کا وعدہ کیاتھا۔تاہم دو مرتبہ انتخابات میں کامیابی کے بعد مقامی رکن اسمبلی کومسلمانوں سے کیاگیا وعدہ پورا کرنے کی فرصت نہیں ملی پارہی ہے۔تحریک کے اس احتجاج کو وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے تائید حاصل ہوگئی ہے۔
وائی ایس آر کانگریس پارٹی لیڈر سیلم پربھاکر نے بیگم پیٹ پہنچ کر تحریک مسلم قبرستان کمیٹی سے اظہاریگانگت کیا۔اس موقع پرسیلم بربھاکر نے مقامی ششی دھرریڈی کو تنقید کا نشانہ بنایاہے۔سیلم پربھاکر نے کہاکہ ایم ششی دھرریڈی انتخابات سے قبل مسلم علاقوں کا دورہ کرکے مسلمانوں سے جھوٹے وعدے کرتے ہیں ۔اور انتخابات میں کامیابی کے بعد ششی دھرریڈی مسلمانوں کو بھول جاتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ اولڈ کسٹم بستی بیگم پیٹ میں مسلم قبرستان کے قیام کا دیرینہ مطالبہ بھی 10سال سے پورا نہیں ہوسکا۔ سیلم پربھاکرنے کہا کہ وائی ایس راج شیکھرریڈی کے دوراقتدار میں قبرستان اور شمشان گھاٹ کے قیام کے لئے جی او نمبر715جاری کیاگیاتھا۔اس جی اوکے ذریعہ آنجہانی وزیراعلیٰ وائی ایس راج شیکھرریڈی نے سرکاری زمین کی عدم دستیابی پرخانگی زمین خریدکرقبرستان بنانے کی ہدایت دی تھی۔تاہم حکام اور سیاست دانوں کی لاپرواہی کی وجہ سے جی او نمبر 715پرعمل آوری نہیں ہوسکی۔سیلم پربھاکر نے کہا کہ وائی ایس آرکانگریس پارٹی اولڈکسٹم بستی بیگم پیٹ میں مسلم قبرستان کے قیام تک جدوجہد کریگی۔تحریک مسلم قبرستان کمیٹی نے اپنے احتجاج میں شدت لانے کی دھمکی دی ہے ۔کمیٹی کے صدرحنیف خان کا کہناہے مسلم قبرستان کے قیام کے لئے بہت جلد بھوک ہڑتال کا آغاز کیا جائیگا۔ اس احتجاجی پروگرام محمد سلیم، عبدالرحیم،اکبر،پاشاہ بھائی، صادق نے شرکت کی ہے۔