حیدرآباد ۔ 27 ۔ جون : ( ایجنسیز ) : اولڈ ممبئی ہائی وے پر ٹرافک کو سبک رفتار بنانے کی غرض سے ٹولی چوکی تا گچی باولی فلائی اوور آغاز کے لیے اب تیار ہے ۔ کسی بھی وقت اس روڈ کا آغاز عمل میں آسکتا ہے ۔ تاہم فلائی اوور کے زیریں سڑک کے کام کے سبب سڑک کے آغاز میں تاخیر ہورہی ہے ۔ جی ایچ ایم سی کے ایک اعلی عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ پراجکٹ کے کام میں شیڈول کے حساب سے ایک سال تاخیر عمل میں آئی اس نئے فلائی اوور سے مہدی پٹنم ، عطا پور ، ٹولی چوکی اور دیگر علاقوں کے شہریوں کو ٹرافک آمد و رفت میں راحت ہوگی ۔ اس دوسرے فلائی اوور کے کام کا آغاز نومبر 2013 میں 45 کروڑ کے تخمینہ سے آغاز عمل میں آیا تھا جب کہ سرویس روڈ بھی اس میں شامل ہے ۔ ابتداء میں فلائی اوور چھ رخی تھا تاہم عبادت گاہوں کے انتظامیہ کی مخالفت کے سبب اس کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ۔ فلائی اوور کے ایک حصہ کا پچھلے سال افتتاح عمل میں آیا ۔ اس فلائی اوور کے دوسرے حصہ کے آغاز سے ٹرافک کے بہاؤ میں آسانی ہوگی ۔ جی ایچ ایم سی عہدیدار نے بتایا کہ فلائی اوور کے افتتاح کا فیصلہ سیاسی ہے جب کہ ہم سرویس روڈ کے کام کے آغاز کے لیے ماہ رمضان کے اختتام کا انتظار کررہے ہیں ۔ فلائی اوور سے قریب ایک اسٹال میں کام کرنے والے ماجد نے بتایا کہ اس فلائی اوور کا جلد از جلد آغاز عمل میں لانا چاہئے ۔ اس کے آغاز میں تاخیر سے عوام اس کے افتتاح سے قبل ہی استعمال کررہے ہیں ۔ بتایا گیا ہے کہ موجودہ سڑک جس پر سے گولکنڈہ جانے والی بسیں گذر رہی ہیں اور قریبی علاقوں کے شہریوں کی گاڑیاں گذرتی ہیں اس پر چار کھلے مین ہول ہیں جو کہ راہروں اور گاڑی رانوں کے لیے خطرہ جان بنے ہوئے ہیں ۔۔