لندن ۔12 ستمبر(سیاست ڈاٹ کام) برطانوی اولمپیئن موفرح کی بیوی تانیہ فرح نے کہا ہے کہ امریکہ میں پرواز سے پہلے ایک فضائی کمپنی کے عملے کی ایک اہلکار نے مو فرح کی تذلیل کی اور انہیں قطار میں سب سے پیچھے بھیج دیا۔ تانیہ نے کہا کہ ڈیلٹا ایئرلائنز کی اہلکار نے اولمپکس مقابلوں میں چار مرتبہ گولڈ میڈل جیتنے والے ایتھلیٹ سے زور دار آواز میں بات کی اور اس امر پر یقین کرنے سے انکار دیا کہ ان کے پاس بزنس کلاس کا ٹکٹ ہے۔ انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ میں صرف اتنا جانتی ہوں کہ انہیں مو فرح سے کوئی مسئلہ تھا۔ ڈیلٹا ایئرلائن کے ترجمان نے کہا ہے وہ اس معاملے کی تفتیش کر رہے ہیں اور فرح کے خاندان کے ساتھ براہ راست رابطے میں ہیں۔ مو فرح نے ریو اولمپکس میں پانچ ہزار اور دس ہزار میٹرز کی دوڑ میں اپنے اعزاز کا دفاع کرتے ہوئے گولڈ میڈلس حاصل کئے ہیں اور وہ اٹلانٹا سے اوریگون کے شہر پورٹ لینڈ جا رہے تھے۔ تانیہ نے مزید کہا کہ خاتون عہدیدار نے بنیادی طور پر ان کی بے عزتی کی جب تک کچھ لوگ آگے آئے اور انہوں نے کہ مو فرح اولمپک چیمپئن ہیں جس کے بعد وہ شرمندہ ہوئیں لیکن اس وقت تک وہ ان پرغصہ ہو چکی تھیں۔ وہاں وہ اکیلے سیاہ فام شخص تھے۔ مبینہ طور پر یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مو فرح اپنے چار بچوں کے ہمراہ ریو سے واپس آرہے تھے۔ 33 سالہ مو فرح مسلسل تیسری مرتبہ گریٹ نارتھ رن کا اعزاز جیتنے کیلئے پرعزم ہیں۔ نیو کاسل میں مجوزہ اس دوڑ میں اگر وہ کامیاب ہوگئے تو وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے کھلاڑی ہوں گے۔