دبئی ۔24 جون (سیاست ڈاٹ کام ) ٹوئنٹی20 کرکٹ کو اولمپک میں شامل کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں لیکن اگر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) ایونٹ کو ہر چار کی بجائے دو سال میں منعقد کروانے کا فیصلہ کرتا ہے تو پھر کرکٹ کی اولمپک میں شمولیت کے امکانات تقریباً ختم ہو جائیں گے۔انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے کرکٹ کو تسلیم کر لیا ہے لہٰذا وہ آئی سی سی کی جانب سے ٹوئنٹی20 کی اولمپک میں شمولیت کی درخواست کی حوصلہ افزائی کرے گی۔ دنیا کے دیگر کھیلوں کے بورڈز اولمپک میں کھیل کی شمولیت کے لئے بے تاب نظر آتے ہیں، وہیں آئی سی سی میں اب تک اس معاملے پر دو اجلاس ہو چکے ہیں اور ابھی تک اس بات کا فیصلہ نہیں ہو سکا کہ آیا اولمپک کمیٹی میں کھیل کو شامل کرنے کی درخواست دی جائے یا نہیں۔اگر آئی سی سی ہر دو سال بعد ایونٹ کے انعقاد کا فیصلہ کرتا ہے تو اس بات کے قوی امکانات ہیں کہ ایونٹ کے چار سالہ پروگرام میں اس کا اولمپک سے ٹکراؤ ہوگا۔آئی سی سی کی کرکٹ ڈیولپمنٹ کے سربراہ ٹم اینڈرسن نے کہا کہ ایک کیلنڈر ایئر میں ٹوئنٹی20 کے دو چیمپئن شپس کا انعقاد ناممکن ہے۔
انہوں نے کرک انفو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بڑا فیصلہ ہے جس کے کچھ فائدے اور نقصانات ہیں۔ آئی سی سی بورڈ میں اس سلسلے میں طویل گفتگو ہوئی اور حال ہی میں ہماری اولمپک کمیٹی سے براہ راست بات بھی ہوئی ہے لیکن فی الحال اس پر ہمارے بورڈ نے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا۔ ٹم اینڈرسن نے مزید کہا کہ یہ کہنا کافی مشکل ہیکہ آیا چار سال کے معیاد میں دو ٹوئنٹی20 ورلڈ کپس اور ایک اولمپک گیم کو یقینی بنایا جانا ممکن ہے۔ یقیناً اگر ہمارے پاس دو ورلڈ کپس ہوتے ہیں تو یہ کیلنڈر کو مزید مشکل بنا دے گا۔دریں اثناء انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اگلے اولمپکس میں کرکٹ کو شامل کرنے کی خبروں کی تردیدکی ہے۔اس بارے میں آئی سی سی کے گلوبل ڈویلپمنٹ سیل کے ہیڈ ٹم اینڈرسن نے کہا ہے کہ اگر ٹونٹی20 کرکٹ ورلڈ کپ دو سال میں کروانے کا فیصلہ کیا گیا تو اس صورت میں یہ مشکل ہو جائے گا کہ کرکٹ کو اولمپکس میں بھی شامل کیا جائے۔ اگر ہر دو سال بعد ورلڈ کپ کا انعقاد کیا گیا تو آئندہ اولمپکس سے اس کی تاریخٰیں متصادم ہو سکتی ہیں اس لئے یہ مشکل ہے کہ دو بڑے ایونٹس کو ایک ہی وقت میں کروایا جائے۔ ان کی اولمپکس اسو سی ایش کی مینجمنٹ سے بھی بات ہوئی ہے۔ یہ بڑا اہم فیصلہ ہے۔ فی الحال اس بات کا امکان بہت کم ہے کہ کرکٹ کو اگلے اولمپکس میں شامل کیا جائے۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے یہ خبریں آئی تھیں کہ آئندہ اولمپکس میں ٹونٹی 20 کرکٹ کو شامل کیا جا سکتا ہے اور اس کیلئے بات چیت ہو رہی ہے۔