پانچ ہزار نئی بائیکس کی خدمات شروع کرنے کی تجویز ، نوجوانوں کو ملازمتوں کی سہولت
حیدرآباد۔25جنوری(سیاست نیوز) شہر میں اولا بائیک کی خدمات کو مزید وسعت دینے کیلئے اولا کی جانب سے بہت جلد ایک بائیک میلہ منعقد کیا جائے گا جس کے بعد شہر میں مزید 5000 اولا بائیک خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ اولا کمپنی کے مطابق شہر حیدرآباد میں اولا کی خدمات کو بہتر بنانے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے ساتھ اولا شہر حیدرآباد کے نوجوانو ںکو روزگار کی فراہمی کے سلسلہ میں سنجیدہ اقدامات کررہی ہے اور اس بات کی کوشش کی جا رہی ہے کہ شہر میں ٹریفک مسائل سے نمٹنے کے علاوہ کم قیمتی سفر کی سہولت فراہم کی جائے ۔ اولا بائیک سروس کے بزنس ہیڈ مسٹر سندیپ اپادھیائے نے شہر حیدرآباد میں مزید 5000 بائیک خدمات کے آغاز کے منصوبہ کی توثیق کرتے ہوئے کہاکہ شہر حیدرآباد میں بہت جلد بائیک میلہ منعقد کیا جائے گا جس میں رائیڈرس اور بائیک کمپنیوں کے ذمہ داروں کے علاوہ ملازمتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے اولی کمپنیوں کی شرکت کا امکان ہے اور اس میلہ میں 5000 نئی بائیک خدمات کا آغاز کرنے کے متعلق اقدامات کئے جائیں گے ۔ ریاستی حکومت اور تلنگانہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے اولا کی خدمات کی ستائش کی جا رہی ہے اور کہا جا رہاہے کہ شہر میں ان خدمات کے آغاز سے عوام کو سہولت کے علاوہ نوجوانوں کو ملازمتوں کے حصول کے مواقع دستیاب ہوں گے ۔ اولا کے مطابق شہر حیدرآباد میں کم قیمتی ذرائع حمل و نقل اور جلد منزل پر پہنچنے والے ذرائع کو کافی اہمیت حاصل ہے اسی لئے اولا کی جانب سے 5000 نئے بائیک کے ساتھ خدمات کے آغاز کی منصوبہ بندی کی گئی ہے اور آئندہ چند یوم میں ہی اس منصوبہ پر عمل آوری شروع کردی جائے گی ۔ اولا کے ذمہ داروں نے بتایا کہ ریاستی حکومت اور محکمہ جات کے ساتھ خدمات کی فراہمی پر اولا کو فخر ہے اور اولا کی جانب سے عوامی سہولت کے ساتھ نوجوانوں کو ملازمت کی فراہمی کے سلسلہ میں اقدامات ترجیح ہیں۔ ٹرانسپورٹ کمشنر تلنگانہ مسٹر سنیل شرما نے اولا کی جانب سے بائیک خدمات میں توسیع اور شہر میں نئے 5000 بائیک رائیڈرس کے ساتھ خدمات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اولا کی جانب سے فراہم کی جانے والی ان خدمات سے شہر کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع حاصل ہوں گے اور اس کے علاوہ شہریوں کو سفری سہولت حاصل ہوگی کیونکہ شہری علاقو ںمیں تیزی سے ایپلیکیشن کے ذریعہ سفری سہولتوں سے استفادہ کے رجحان میں زبردست اضافہ دیکھا جا رہاہے اور یہ سہولت فائدہ بخش ثابت ہوگی۔