اوقافی جائیدادوں کے دوسرے سروے کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت

احاطہ اسمبلی میں ایوان کی کمیٹی کا اجلاس ، وقف بورڈ کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار
حیدرآباد۔/6اگسٹ، ( سیاست نیوز) اوقافی جائیدادوں سے متعلق تلنگانہ اسمبلی و کونسل کی ایوان کی کمیٹی نے ریاست میں اوقافی جائیدادوں سے متعلق دوسرے سروے کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ احاطہ اسمبلی میں آج ایوان کی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت صدرنشین باجی ریڈی گوردھن نے کی جبکہ کمیٹی کے ارکان محمد فاروق حسین، عامر شکیل، محمد سلیم، ڈی کے ارونا، وینکٹیشور ریڈی اور بعض دیگر ارکان نے شرکت کی۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل اور ڈائرکٹر اقلیتی بہبود جلال الدین اکبر نے گزشتہ اجلاس میں طلب کی گئی اوقافی جائیدادوں اور ناجائز قبضوں کی تفصیلات سے ارکان کو واقف کرایا۔ اجلاس میں پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعہ اوقافی جائیدادوں اور جاریہ دوسرے سروے کے موقف کی وضاحت کی گئی۔ عہدیداروں نے اجلاس میں رپورٹ پیش کی کہ وقف بورڈ نے 35ایسی جائیدادوں کی نشاندہی کی ہے جنہیں ڈیولپ کرتے ہوئے وقف بورڈ کی آمدنی میں اضافہ کیا جائے۔ اس سلسلہ میں ارکان سے رائے حاصل کی گئی۔ اجلاس میں متفقہ قرار داد کے ذریعہ حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وقف بورڈ کیلئے درکار عہدیداروں اور اسٹاف کا جلد تقرر عمل میں لایا جائے۔ وقف بورڈ کے ہیڈکوارٹر حیدرآباد کے علاوہ اضلاع میں بھی وقف بورڈ کے عہدیداروں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔ ارکان نے اوقافی جائیدادوں کے تحفظ اور صیانت کے سلسلہ میں وقف بورڈ کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ ارکان کی رائے تھی بورڈ میں بدعنوانیوں اور کرپشن کے باعث جائیدادوں کی تباہی ہورہی ہے۔ اضلاع میں بھی وقف بورڈ کا عملہ مختلف بدعنوانیوں میں ملوث ہے اور اوقافی جائیدادیں تباہ ہورہی ہیں۔ ارکان نے ہر ضلع میں ایوان کی کمیٹی کا اجلاس منعقد کرنے کی تجویز پیش کی۔ (سلسلہ صفحہ 9پر)