۔10 اپریل کو وقف بورڈ اجلاس میں غور و خوض ، الحاج محمد سلیم چیرمین بورڈ کا بیان
حیدرآباد۔5 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے جن 11 اہم اوقافی جائیدادوں کو 30 سالہ لیز پر دینے کی اجازت دی ہے اس تجویز پر عمل آوری کے لیے 10 اپریل کو منعقد ہونے والے وقف بورڈ کے اجلاس میں غور کیا جائے گا۔ وقف بورڈ کے صدرنشین محمد سلیم نے بتایا کہ جن 11 اوقافی جائیدادوں کی نشاندہی کی گئی ہے انہیں لیز پر دینے کے لیے گلوبل ٹنڈرس طلب کیئے جائیں گے اور عالمی معیار کے اداروں کو یہ جائیدادیں لیز پر دی جائیں گی۔ واضح رہے کہ کسی بھی اوقافی جائیداد کو 30 سالہ لیز پر دینے کے لیے حکومت کی منظوری ضروری ہے اور 16 جنوری کو جی او ایم ایس 1 جاری کرتے ہوئے 11 جائیدادوں کی نشاندہی کی گئی جن میں حج ہائوز سے متصل زیر تعمیر عمارت اور کھلی اراضی بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ ٹولی چوکی کے قریب چوکھنڈی، آئوٹر رنگ روڈ، جی ایم آر ایرو اسپیس پارک کے روبرو واقع اوقافی اراضی، درگاہ حضرت برہنہ شاہ، معین منزل، مسجد عالم گیر ہائی ٹکس، ٹاسک فورس آفس، وقف اراضی روبرو شاداں کالج خیریت آباد اور مامڑی پلی میں واقع اراضی کو 30 سالہ لیز پر ڈیولپمنٹ کے لیے دینے وقف بورڈ کو اجازت دی گئی۔ اسی دوران وقف بورڈ نے حکومت کی ہدایت کے مطابق گلوبل نیشنل اوپن ٹینڈرس کے طریقہ کار کے سلسلہ میں بعض سرکاری اداروں سے تجاویز طلب کی ہیں جن میں تلنگانہ آر ٹی سی اور تلنگانہ اسٹیٹ انڈسٹریل انفراسٹرکچر کارپوریشن شامل ہیں۔
ان اداروں سے ٹنڈرس کے طریقہ کار کی تفصیلات حاصل کرنے کے بعد بورڈ باقاعدہ اعلامیہ جاری کرے گا۔ صدرنشین وقف بورڈ نے بتایا کہ بورڈ کے اجلاس میں ان جائیدادوں سے امکانی آمدنی کا جائزہ لیا جائے گا اور ان میں بعض جائیدادیں عدالتی کشاکش کا شکار ہیں۔ لہٰذا انہیں عدالتی کارروائی سے نکالنے کے لائحہ عمل کو قطعیت دی جائے گی۔ صدرنشین وقف بورڈ نے حج ہائوز سے متصل زیر تعمیر عمارت میں اقلیتی بہبود کے تمام دفاتر کی منتقلی سے متعلق چیف منسٹر کے اسمبلی میں دیئے گئے تیقن پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلہ میں چیف منسٹر کی جانب سے تحریری ہدایت ملنے کے بعد ہی بورڈ اس مسئلہ کا جائزہ لے گا۔ انہوں نے کہا کہ زیر تعمیر عمارت کو ڈیولپمنٹ اور لیز پر دیتے ہوئے بورڈ کے لیے خاطر خواہ آمدنی حاصل کی جاسکتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ زیر تعمیر عمارت اقلیتی بہبود کے دفاتر کے لیے موزوں نہیں ہوگی کیوں کہ حج ہائوز میں تمام اہم دفاتر پہلے ہی سے کام کررہے ہیں۔ محمد سلیم نے کہا کہ وقف بورڈ کی آمدنی حالیہ عرصہ میں بری طرح متاثر ہوئی ہے اور ملازمین کو تنخواہیں دینے کے لیے بجٹ دستیاب نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریاست کی بڑی درگاہوں کے انتظامات کو ہراج پر دینے کے سلسلہ میں بورڈ کے اجلاس میں اہم فیصلے کیئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ بعض بڑی درگاہوں کے ہراج سیاسی مداخلت کے سبب انجام نہیں پارہے ہیں جس کے باعث وقف بورڈ کو بھاری نقصان ہورہا ہے۔ بڑا پہاڑ، جہانگیر پیراں اور غالب شہید کے انتظامات کے سلسلہ میں ہراج کے طریقہ کار کو بورڈ کے اجلاس میں قطعیت دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ درگاہ حضرت سعد اللہ حسینی بڑا پہاڑ کے عرس تقاریب کے سلسلہ میں وقف بورڈ نے گرانٹ ان ایڈ سے 10 لاکھ روپئے جاری کئے ہیں۔ اس درگاہ سے وقف بورڈ کی سالانہ آمدنی 2 کروڑ سے زائد تھی جو اب ہراج نہ ہونے کے سبب خسارے میں تبدیل ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اہم درگاہوں کے معاملات میں سیاسی مداخلت کو روکنے کے لیے چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو سے بات چیت کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ پیر کو ہونے والے اجلاس کے ایجنڈے کو قطعیت دے دی گئی ہے۔ حج ہائوز کی عمارت کی آہک پاشی اور کلرنگ ایجنڈے میں سرفہرست ہے اس کے علاوہ درگاہ حضرات یوسفینؒ کے متولی کی میعاد میں توسیع اور دیگر درگاہوں اور منیجنگ کمیٹیوں کے امور کو ایجنڈے میں شامل کیا گیا ہے۔ محمد سلیم نے کہا کہ بورڈ منشا وقف کے مطابق اوقافی جائیدادوں کے تحفظ اور ان کی ترقی کے لیے اقدامات کرے گا۔ اس سلسلہ میں کسی بھی دبائو کو قبول کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
بی جے پی تلنگانہ کی
آج یوم تاسیس تقریب
حیدرآباد ۔ 5 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : یوم تاسیس تلنگانہ بی جے پی کی تقریب کل ڈاکٹر شیام پرساد مکرجی بھون اسٹیٹ بی جے پی آفس میں منعقد ہوگی ۔ پارٹی ذرائع کے بموجب ڈاکٹر کے لکشمن بی جے پی ریاستی صدر کے علاوہ پارٹی نیشنل جنرل سکریٹری پی مرلیدھر راؤ ، مرکزی مملکتی وزیر لیبر بنڈارو دتاتریہ ، بی جے پی فلور لیڈر جی کشن ریڈی ، بی جے ایل سی فلور لیڈر این رامچندرا راؤ اور دیگر قائدین شرکت کریں گے ۔ اس موقع پر پارٹی پرچم کشائی عمل میں آئے گی ۔۔