اوقافی جائیدادوں پر اضلاع میں شعور بیداری مہم

مکہ مسجد سے کاروان وقف قافلہ کا آغاز، مولانا سید طارق قادری کا خطاب

حیدرآباد۔12اکٹوبر(سیاست نیوز) ہیومن لائف اوکینگ سوسائٹی آف انڈیا کے کاروان وقف کی آج تاریخی مکہ مسجد سے روانگی عمل میںائی ۔ واضح رہے کہ کاروان وقف کا یہ قافلہ تلنگانہ کی اوقافی جائیدادوں کے متعلق ریاست کے تمام دس اضلاع میں عوامی شعور بیداری مہم چلائے گا جس کا مقصد تلنگانہ حکومت کو اوقافی جائیدادوں کی صیانت اور بازیابی کو متوجہہ کروانا ہے۔ قافلے کی روانگی سے قبل صدرنشین ایچ اے ایس انڈیا مولانا سید طار ق قادری نے تاریخی مکہ مسجد کے دامن سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تلنگانہ میںلاکھو ں کروڑ کی اوقافی جائیدادیں ہونے کے باوجود تلنگانہ کے مسلما ن معاشی پریشانیوںکا شکار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ کی اوقافی جائیدادوں کی بازیابی اور صیانت کے ذریعہ تلنگانہ کے مسلمانوں کی حالت زار کو تبدیل کیا جاسکتا ہے مگر سابق کی تمام حکومتوں نے تلنگانہ کی اوقافی جائیدادوں کو اپنے ذاتی مفادات کی تکمیل کا ذریعہ بنالیا تھا۔ مولانا سیدطار ق قادری نے سابق کے تمام اوقافی وزیروں پر اوقافی جائیدادوں کے استحصال کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ حکومت میں وقف کا قلمدان راست وزیراعلی کے چندرشیکھر رائوکی نگرانی میںکام کررہا ہے جس سے ریاست کی اوقافی جائیدادوں کی صیانت اور بازیابی کے اعلانات پر یقین کیاجاسکتا ہے۔ مولانا سید طار ق قادری نے پچھلے دس سالوں میں وقف جائیدادوں پر ہوئی دھاندلیوں کی اعلی سطحی تحقیقات کے بشمول تلنگانہ کے تمام ائمہ اور موذنین کو حکومت کی جانب سے تنخواہوں کی فراہمی ،تلنگانہ کے وقف اراضیات کی آن لائن تفصیلات کی فراہمی‘ منی کنڈہ جاگیرکی بازیابی ‘درگاہ جہانگیر پیراںکے تحت موجود وقف اراضی کی بازیابی کے علاوہ تلنگانہ کی محفوظ وقف اراضیات کے اطراف میں چار دیواری کی تعمیر‘ وقف بورڈ کے امور کی انجام دہی کے لئے فرض شناس عہدیدار کا عاجلانہ تقررعمل میں آنے تک اپنی اس جدوجہد کو جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ مولانا سید عثمان نقشبندی نے کاروان وقف کو جھنڈی دیکھا کر روانہ کیا ۔ اس موقع پر مولانا حامدحسین شطاری‘ مولانا حید رپاشاہ‘ مولانا عبدالقدوس غوری‘ مولانا سید عبدالقادرقادری‘ مولانا حسین محمد قادری‘ مولانا غلام صمدانی علی قادری‘ میجر قادری‘ مجاہد ہاشمی‘ ثناء اللہ خان‘ حیات حسین حبیب‘ شہباز علی خان ‘ اسلم عبدالرحمن‘ محمد شاہد‘ زبیر المعمودی‘ ماجد خان‘ خواجہ ناظم الدین‘ کے علاوہ دیگر لوگ بھی کاروان وقف کی روانگی کے موقع پر موجود تھے۔ 13اکٹوبر کو نلگنڈہ میں کاروان وقف کا جلسہ عام منعقد ہوگا اور کاروان وقف کے ذمہ داران مقامی عوام میں وقف جائیدادوں کے متعلق دستخطی مہم بھی چلائیں گے اور وقف کے متعلق مقامی مسائل کی تفصیلا ت بھی حاصل کریں گے۔