اوقافی اداروں میں اِسکل ڈیولپمنٹ سنٹرس کے قیام کی تجویز

مرکزی اسکیم سے استفادہ، عنقریب عہدیداروں کا دورہ: شاہنواز قاسم
حیدرآباد۔/22 ستمبر، ( سیاست نیوز) اقلیتی طبقہ کے نوجوانوں کو مختلف روزگار پر مبنی ٹیکنیکل کورسیس میں ٹریننگ کیلئے تلنگانہ وقف بورڈ نے مرکزی حکومت کی اسکیم سے استفادہ کا فیصلہ کیا ہے۔ وقف بورڈ کی راست نگرانی میں موجود اداروں کو اِسکل ڈیولپمنٹ سنٹرس میں تبدیل کرتے ہوئے وہاں مختلف ٹیکنیکل کورسیس کی ٹریننگ شروع کرنے کیلئے وزارت ٹیکنیکل ایجوکیشن اور لیبر سے مشاورت شروع کی گئی ہے۔ چیف ایکزیکیٹو آفیسر وقف بورڈ اور ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم ( آئی پی ایس ) نے بتایا کہ مرکزی وزارت اِسکل ڈیولپمنٹ کے تحت پردھا منتری جن وکاس یوجنا کے تحت 150 مختلف ٹیکنیکل کورسیس میں تربیت کی گنجائش ہے۔ وزارت نے 50 ہزار نوجوانوں کو ٹریننگ دینے کا نشانہ مقرر کیا ہے۔ شاہنواز قاسم نے اس اسکیم سے استفادہ کیلئے ٹیکنیکل ایجوکیشن اور لیبر ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے وقف بورڈ کی راست نگرانی والے اداروں کے علاوہ جہانگیر پیراںؒ آئی ٹی آئی کی ترقی کے بارے میں بات چیت کی۔ انہوں نے بتایا کہ بہت جلد دونوں محکمہ جات کے عہدیدار وقف بورڈ کے اداروں کا معائنہ کریں گے جہاں ٹیکنیکل کورسیس کی ٹریننگ شروع کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وقف بورڈ بہت جلد مرکزی وزارت کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے اقلیتی امیدواروں کیلئے علحدہ کوٹہ الاٹ کرنے کی سفارش کرے گا۔ روزگار پر مبنی کورسیس کی ٹریننگ اور فیکلٹیز کا انتظام مرکزی حکومت کے فنڈ سے کیا جائے گا جبکہ وقف بورڈ کو صرف جگہ کی فراہمی اور نگرانی کی ذمہ داری ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کورسیس کے انتخاب کے بعد امیدواروں سے درخواستیں طلب کی جائیں گی۔ اقلیتوں میں روزگار کے مواقع خانگی شعبہ میں پیدا کرنے کی سمت یہ اسکیم کارآمد ثابت ہوسکتی ہے۔ شاہنواز قاسم کے مطابق اِسکل ڈیولپمنٹ کے ذریعہ اقلیتی نوجوان بآسانی روزگار حاصل کرسکتے ہیں اور ان کا معاشی موقف بھی مستحکم ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ آئی ٹی آئی جہانگیر پیراں کو ترقی دینے کے سلسلہ میں اس اجلاس میں غور کیا گیا۔ عہدیدار بہت جلد آئی ٹی آئی کا دورہ کرتے ہوئے مزید کورسیس کے آغاز کی نشاندہی کریں گے۔ فی الوقت جہانگیر پیراں ؒ آئی ٹی آئی میں صرف 4 مختلف کورسیس کی ٹریننگ دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عہدیداروں کی جانب سے انفراسٹرکچر اور دیگر سہولتوں کے بارے میں سفارش کے بعد نئی اسکیمات کا آغاز کیا جائے گا۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم اور چیف ایکزیکیٹو آفیسر نے اپنے حالیہ دورہ کے موقع پر جہانگیر پیراں آئی ٹی آئی کو اَپ گریڈ کرنے کا اعلان کیا تھا۔