ٹوکیو ۔ 19 جون (سیاست ڈاٹ کام)جاپان کے شہر اوساکا میں آئے زبردست زلزلہ میں ہلاکتوں کی تعداد چار ہوگئی جبکہ زخمیوں کی تعداد بڑھ کر 380 ہوگئی۔ متعلقہ عہدیداروں نے یہ اطلاع دی اور فی الحال زمین کھسکنے کے واقعات اور شدید بارش پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ مزید کسی ہلاکت کو ٹالا جاسکے۔ 81 سالہ خاتون بھی اپنے ہی مکان کے سامان تلے دب کر ہلاک ہوئی جبکہ دیگر دو بھی 80 سال کے معمر افراد تھے۔ صرف ایک نو سالہ لڑکی ہی وہ کم عمر متوفیہ ہے جو ایک اسکول کی دیوار گرنے کی وجہ سے ہلاک ہوئی جہاں متوفیہ زیرتعلیم تھی۔ زلزلہ کی شدت ریختر پیما پر 5.3 بتائی گئی ہے۔ حکومت جاپان کے اعلیٰ سطحی ترجمان یوشی ہیدے نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ہلاکتوں اور زخمی ہونے والوں کی تعداد کی توثیق کی۔
سابق سی آئی اے افسر پر دفاعی معلومات کے سرقہ کا الزام
واشنگٹن ۔ 19 جون (سیاست ڈاٹ کام) سی آئی اے کے ایک سابق افسر پر انتہائی خفیہ دفاعی معلومات کا سرقہ کرنے اور اسے وکی لیکس کے حوالے کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ 29 سالہ جوشواآڈم شولٹ کو 13 معاملات میں قصوروار پایا گیا، جن میں سرکاری املاک کے سرقہ سے لیکر کاپی رائیٹ خلاف ورزی اور انصاف کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنا شامل ہیں۔ میان ہٹن کے ساکن شولٹ فی الحال بچوں کی فحش فلمیں بنانے کے معاملہ میں جیل میں قید ہیں۔