نئی دہلی ۔ یکم ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) جے ڈی یو نے آج نئی دہلی کی مجلس بلدیہ کے اورنگ زیب روڈ کا نام تبدیل کر کے اسے اے پی جے عبدالکلام کے نام سے موصوم کرنے کے فیصلہ کو مستقبل میں کئی مشکلات کا سبب بننے کے خیال کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی سے اس معاملہ میں دخل دینے کی گزارش کی۔ صدر جے ڈی یو شرد یادو نے کہا کہ وہ اس سلسلہ میں دو صفحات پر مشتمل ایک مکتوب وزیراعظم کو روانہ کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف اوراق حذف کردینے سے تاریخ بدلی نہیں جاسکتی۔ دریں اثناء سی پی آئی ایم نے مجلس بلدیہ دہلی کے اقدام کو فرقہ پرستی کی سمت پہلا قدم قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی اور چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال کو اس فیصلہ کا فریق ہونے کی بناء پر ان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کجریوال کی زیر قیادت عام آدمی پارٹی کے دہلی میں دور اقتدار میں اس قسم کا فیصلہ اور بھی زیادہ افسوسناک ہے۔ پارٹی نے کہا کہ اے پی جے عبدالکلام کی یاد تازہ کرنے کیلئے دیگر کئی کام کئے جاسکتے ہیں۔ کوئی متنازعہ اقدام کرنے کی کیا ضروری ہے۔