اورنگ زیب روڈ کے بعد اب اکبر روڈ پر شر پسندوں کا نشانہ

نئی دہلی : اورنگ زیب روڈ کے بعد اب اکبر روڈ کو شر پسندوں کی جانب سے نشانہ بنایا گیا ہے ۔شر پسندوں نے انڈیا گیٹ سرکل سے نکلنے والی اکبر روڈ کے سائن بورڈ پر مہارانا پرتاپ سنگھ کے نام کاپوسٹر چسپاں کردیا گیا ہے ۔جس سے ایک نیا تنازع پیداہوگیا ہے ۔حالانکہ اطلاع ملتے ہی این ڈی ایم سی کی ٹیم نے فورا اس پوسٹر کو نکال دیا ۔اور اس کو شر پسندوں کی حرکت قرار دیا ہے ۔

ماضی میں اورنگ زیب روڈ کے سائن بورڈ میں اورنگ زیب کے نام پر کالا رنگ لگایا گیا تھا اورپھر اس نام کو بدل کر اے پی جے عبد الکلام روڈ کردیا گیا ۔اس مرتبہ مغلیہ دور کے حاکم جلال الدین اکبر کے نام کو نشانہ بنایا گیا ہے ۔غور طلب بات یہ ہے کہ اس حرکت اس وقت کی گئی ہے جب کہ مہارانا پرتاپ سنگھ کی یوم پیدائش کے موقع پر کی گئی ہے ۔اس حر کت پر مختلف شعبہ سے تعلق رکھنے والو ں نے سخت برہمی کا اظہار کیا ۔ایڈوکیٹ فیضان نے کہا کہ پہلے اورنگ زیب روڈ کا نام بدلا گیا اوراب اکبر روڈ کا نام بدلنے کی مہم شروع ہوئی ہے ۔

انھوں نے کہا کہ یہ کوئی تعجب کی بات نہیں ہے کیوں کہ بی جے پی کے دور میں یہ سب عام بات ہے ۔معروف سیاسی تجزیہ نگار الیاس ملک نے کہا کہ یہ جو کچھ ہورہا ہے بہت افسوس ناک بات ہے ۔ہمارے ملک کی گنگا جمنا تہذیب کو ختم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور اس سے صرف مسلمان ہی نہیں بلکہ ملک کا بھی بہت بڑا نقصان ہوگا ۔انھوں نے کہا کہ ہندو مسلم ایک ساتھ رہتے آئے ہیں لیکن اب انہیں ایسی حرکتوں کے ذریعہ الگ الگ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ نام کا بدلنا مسئلہ نہیں ہے بلکہ اس کے ذریعے دلوں کی جو تقسیم ہورہی ہے وہ خطرناک ہے ۔