اورنگ آباد (مہاراشٹرا) ۔ 3 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ایک ورکشاپ میں ہوئے زبردست دھماکہ میں چار افراد بشمول ایک تین سالہ لڑکا ہلاک ہوگئے جبکہ 6 شدید طور پر زخمی ہونے والوں کی تعداد بھی چار بتائی گئی ہے۔ دریں اثناء پولیس کمشنر سنجے کمار نے کہا کہ فیابریکیشن ورکشاپ میں ہوئے دھماکے کے بعد بشیر نگر علاقہ میں برقی سربراہی منقطع ہوگئی۔ پولیس کا کہنا ہیکہ دھماکہ گیس سیلنڈر کے پھٹنے کی وجہ سے ہوا ہوگا لیکن اس بات کی توثیق نہیں ہوئی ہے۔ دھماکہ سے ورکشاپ کی دیواریں منہدم ہوگئیں۔
پولیس نے دیوار گرنے کے اندیشے کے پیش نظر ورکشاپ کو مہربند کردیا ہے۔ مہلوکین کی 30 سالہ شیخ رفیق احمد، 52 سالہ مجید حیات خان، 22 سالہ شیخ مظفر احمد اور 3 سالہ شہزاد سراج خان کی حیثیت سے ہوئی ہے جبکہ زخمیوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ہے۔ تمام مہلوکین بہار کے شہری تھے اور ورکشاپ میں کام کیا کرتے تھے۔ پولیس نے مزید کہا کہ دو افراد جائے حادثہ پر ہی ہلاک ہوگئے جن میں ورکشاپ کا مالک بھی شامل ہے جبکہ دیگر دو افراد علاج کے دوران زخموں سے جانبر نہ ہوسکے۔