اورنگ آباد تشدد دو طبقات کے درمیان تصادم نہیں تھا

جبری وصولی کیلئے ایک کارپوریٹر کی کارستانی : دھننجے منڈے
فڈنویس سے استعفیٰ کا مطالبہ

اورنگ آباد ۔ 15 مئی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) این سی پی لیڈر دھننجے منڈے نے مہاراشٹرا کے چیف منسٹر دیویندر فڈنویس پر اونگ آباد تشدد پر قابو پانے میں ناکامی کا الزام عائد کرتے ہوئے ان سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ۔ اس تشدد میں دو افراد ہلاک اور دیگر 6 افراد زخمی ہوگئے تھے اور 100 دوکانوں کو نذر آتش کردیا گیا تھا ۔ منڈے نے جو ریاستی قانون ساز کونسل میں اپوزیشن لیڈر بھی ہیں ان فسادات کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا ۔ انھوں نے متاثرہ مقامات کا دورہ کرنے کے بعد اخباری نمائندو ںسے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ دراصل عوام کے دو طبقات کے درمیان تصادم نہیں تھا بلکہ اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن کے ایک کارپوریٹر نے جبری وصولی کے لئے یہ ہنگامہ برپا کیا تھا‘‘ ۔ منڈے نے کہاکہ اس شہر میں تشدد کے اندیشوں پر انٹلیجنس دو ماہ قبل ہی حکومت کو خفیہ رپورٹ دے چکی تھی ۔ تاہم پولیس ان اطلاعات پر موثر کارروائی میں ناکام رہی ۔ منڈے نے کہاکہ ’’یہ انتہائی شرمناک ہے کہ اشرار کی طرف سے کی جانیوالی آتشزنی اور سنگباری کے درمیان پولیس خاموش تماشائی بنی رہی ۔ پولیس کی سنگین غفلت کے سبب یہ فسادات ہوئے ہیں۔ چیف منسٹر کو اپنی ناکامی قبول کرتے ہوئے مستعفی ہوجانا چاہئے‘‘۔