اودے کرن کی موت پر بالی ووڈ میں جزوی سوگ

ممبئی ۔ 6 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ میں آج ایسے بہت سے اداکار مل جائیں گے جو تلگو فلموں میں بھی اداکاری کرچکے ہیں اور شاید یہی وجہ ہیکہ تلگو فلموں کے جانے مانے ہیرو، ہیروئنس اور دیگر اداکاروں سے بالی ووڈ اداکار بھی واقف رہتے ہیں۔ گذشتہ روز جب ٹالی ووڈ کے جواں سال اداکار اودے کرن کی خودکشی کی خبر بالی ووڈ کو ملی تو وہاں صرف جزوی سوگ دیکھنے میں آیا۔ صرف ان اداکاروں نے افسوس کا اظہار کیا جو بالی ووڈ کے علاوہ ٹالی ووڈ سے بھی وابستہ ہیں جیسے جیکی شراف، سونودسود، مکیش رشی، کملاہاسن اور دیگر۔ جیکی شراف نے کہا کہ خود ان پر ایک ایسا وقت آ چکا ہے جب پروڈیوسرس ان کے گھر کا راستہ بھول چکے تھے لیکن انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور اپنی جدوجہد جاری رکھی۔ پھر چاہے جو بھی رول انہیں آفر کیا گیا، انہوں نے بخوشی قبول کیا۔ یہ نہیں دیکھا کہ فلم ہندی ہے یا تلگو۔ اودے کرن نوجوان تھے انہیں صبر سے کام لینا چاہئے تھا۔ کملاہاسن نے کہا کہ ایک ایکٹر کی زندگی میں سب سے زیادہ اتار چڑھاؤ آتے ہیں۔ فلم کے پردے پر ہیرو، عوام کا رول ماڈل ہوتا ہے۔ جہاں اسے زندگی کی ہر مشکل سے لڑتے ہوئے دکھایا جاتا ہے لیکن حقیقی زندگی میں محض کام نہ ملنے پر اپنی زندگی کو ہی داؤ پر لگادینے والی بات سمجھ میں نہیں آئی۔ بھگوان ان کی آتما کوشانتی دے۔ سونوسود نے کہا کہ وہ اودے کرن سے زیادہ واقف نہیں تھے صرف ایک دو بار ہی ان سے ملاقات ہوئی تھی۔ سب سے زیادہ دکھ اس بات کا ہیکہ وہ نوجوان تھے۔ اگر صبروتحمل سے کام لیتے تو انہیں تاخیر سے ہی سہی لیکن کام ضرور ملتا۔