اودھیکار پر عائد الزامات سے دستبرداری کیلئے بنگلہ دیش پر

بین الاقوامی حقوق انسانی تنظیموں کا دباؤ
لندن 16 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) عالمی انسانی حقوق کی نگرانکار تین تنظیموں نے بین الاقوامی برادری سے اپیل کی کہ بنگلہ دیش پر دباؤ ڈالا جائے کہ وہ انسانی حقوق تنظیم ’’اودھیکار‘‘ کے دو ارکان کے خلاف عائد فوجداری الزامات سے فوری دستبرداری اختیار کرلے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل، انٹرنیشنل کمیشن آف جیورسٹس اینڈ ہیومن رائٹس واچ نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں بنگلہ دیش سے مطالبہ کیاکہ وہ انسانی حقوق تنظیموں کے کارکنوں اور اودھیکار کے ارکان عملہ کو ہراساں کرنا بند کردے۔ اُنھوں نے کہاکہ بین الاقوامی برادری کو کھل کر بات کرنی چاہئے اور وزیراعظم بنگلہ دیش شیخ حسینہ پر دباؤ ڈالنا چاہئے کہ وہ اودھیکار کو دھمکیاں دینے اور اُس کو ہراساں کرنے کا سلسلہ ترک کردیں۔ عدیل الرحمن خان اور نصیرالدین اعلان علی الترتیب سکریٹری و ڈائرکٹر اودھیکار پر قانون اطلاعات و ٹیکنالوجی کے تحت الزام عائد کیا ہے کہ اُنھوں نے تشدد اور ہلاکتوں کی جو فوج کے ہاتھوں احتجاجی مظاہروں کے درمیان ہوچکی ہیں، ایک خبر شائع کی تھی۔ جس کے بموجب انتہائی بنیاد پرست حفاظت اسلامی کے کارکنوں کو گزشتہ سال 5 تا 6 مئی کے احتجاجی مظاہروں کے دوران فوج نے ہلاک کردیا تھا۔