جموں،05اگست (سیاست ڈاٹ کام )جموں صوبہ کے ضلع اودھم پور میں گنگیڑا ہلز علاقہ میں نامعلوم بندوق برداروں نے ہفتہ کو شام دیر گئے فائرنگ کی جس کی وجہ سے علاقہ میں خوف وہراس پھیل گیا۔ ذرائع کے مطابق فائرنگ کے فوری بعد پولیس اورفوج نے علاقہ میں کارروائی شروع کیا، یہ خدشہ ظاہر کیاجارہاتھاکہ شاہد ملی ٹینٹوں نے حملہ کیا ہے ، جس سے حالات کافی کشیدہ رہے لیکن بعد میں پولیس نے اس کو مسترد کر دیا۔ ایڈیشنل ایس پی اودھم پور تبسم پروین نے بتایاکہ یہ ملی ٹینسی کا واقعہ نہیں بلکہ مقامی کرائم کا معاملہ ہے , پولیس نے موقع پر سے خالی گولی کے شیل برآمد کئے ہیں۔ایس ایس پی نے مزید بتایاکہ ”مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ایک کار جس میں چا ر افراد سوار تھے ، علاقہ میں آئے اور تین گولیاں فائرکر کے وہاں سے فرار ہوگئے ،فی الحال اس بارے کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا ،معاملہ کی تحقیقات کی جارہی ہے اور جلد ہی مجرموں کو گرفتار کیاجائے گا”۔ ابھی تک کسی جانی ومالی نقصان کی اطلاعات نہیں۔علاقہ میں سرچ آپریشن جاری ہے ۔سیکورٹی فورسز، خفیہ ایجنسیاں بھی اس کی تحقیقات کر رہی ہیں، کہ گولی چلانے والے کون لوگ ہیں اور ایسا کیونکر کیاگیا۔اس کی بعد میں مکمل تفصیلات بتائی جائے گی۔