اودھمپور حملہ کا سرغنہ ابو قاسم انکاؤنٹر میں ہلاک

سرینگر 29 اکٹوبر ( سیاست ڈٹا کام ) ایک بڑی کامیابی میں سکیوریٹی فورسیس نے آج لشکر طیبہ کے کمانڈر اور اودھمپور دہشت گرد حملہ کے سرغنہ ابو قاسم کو گولی مار کر ہلاک کردیا ۔ کہا گیا ہے کہ وہ گذشتہ تین سال سے وادی میں کئی حملوں میں ملوث رہا تھا ۔ انٹلی جنس کو اطلاع ملی تھی کہ 28 سالہ ابو قاسم ایک گاوں میں موجود ہے جس پر رات 2 بجے کارروائی کا آغاز کیا گیا ۔ فوج ‘ پولیس اور نیم فوجی دستوں کی ایک مشترکہ ٹیم نے یہ کارروائی کی اور ابو قاسم کو گولی مار کر ہلاک کردیا ۔
ڈاکٹر بھارگوا پر بی جے پی کی تنقید
نئی دہلی۔/29اکٹوبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی نے آج عدم تحمل کے ماحول کے خلاف بطور احتجاج پدم بھوشن ایوارڈ واپس کرنے کے فیصلہ پر نامور سائنسداں ڈاکٹر  ایم بھارگوا کو تنقید کا نشانہ بنایا اور انہیں نریندر مودی کا کٹر مخالف اور سونیا گاندھی کا چیئر لیڈر قرار دیا جبکہ یہ ایوارڈ کانگریس حکومت نے دیا تھا۔سخت الفاظ پر مشتمل ایک بیان میں بی جے پی نے کہا کہ ڈاکٹر بھارگوا کو اختلاف رائے کے حق میں آواز بلند کرنے کا اخلاقی حق نہیں ہے کیونکہ ایمرجنسی کے نفاذ کے وقت خاموشی پر انہیں اندرا گاندھی نے ایک اہم ذمہ دار عہدہ عطا کیا تھا۔