اوبیر اور اولا کے انتظامیہ کے خلاف تلنگانہ اسمبلی کے گھیراؤ کی کوشش

حیدرآباد 2نومبر(یواین آئی )اوبیر اور اولا کے انتظامیہ کے استحصال کے خلاف احتجاج میں شدت پیداکرتے ہوئے ان کمپنیوں کے ڈرائیورس اور فرنچائزی کار مالکین نے آج تلنگانہ اسمبلی کے گھیراو کی کوشش کی ۔اولا اور اوبیر کے سینکڑوں ڈرائیورس نے نامپلی علاقہ کی مصروف سڑک پر اپنی گاڑیوں کو ٹہرا دیا جس سے صبح کے اوقات میں ٹریفک جام ہوگئی ۔ٹریفک جام کے سبب وزرا اور ارکان اسمبلی کی گاڑیوں کے گزرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ یہ وزرا اور ارکان مقننہ، اسمبلی سیشن میں شرکت کے لئے جارہے تھے ۔اس احتجاج پر پولیس حرکت میں آگئی اور ہڑتالی ڈرائیور س کو گرفتار کرلیا۔کیب ڈرائیور س اور مالکین ان کے مسائل کے حل کے لئے حکومت کی مداخلت کا مطالبہ کر رہے ہیں۔پولیس نے ان کی گاڑیوں کو وہاں سے ہٹاتے ہوئے ان کو گرفتار کرلیا۔کیب ڈرائیورس اور مالکین نے الزام لگایا کہ انتظامیہ ہر ماہ یقینی طور پر 75000 کی آمدنی کے وعدہ کے باوجود ان کو غیر منصفانہ حصہ ادا کر رہا ہے ۔ان ڈرائیورس نے الزام لگایا کہ وہ صرف آمدنی کا نصف حصہ ہی حاصل کر پارہے ہیں اوروہ مقروض ہوگئے ہیں۔کیب ڈرائیورس نے مطالبہ کیاکہ ریاستی حکومت ایک ایپ بناتے ہوئے کیب گاڑیوں کو چلانے کا انتظام کرے اور ان کی آمدنی کا مناسب حصہ ان کو اد ا کرے ۔انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ اولا اور اوبیر کمپنیوں پر تلنگانہ میں پابندی عائد کرے کیونکہ یہ کمپنیاں ان کا استحصال کر رہی ہیں۔