اوباما ۔ مودی چوٹی کانفرنس ، ہند ۔ امریکہ تعلقات کی گہرائی کی عکاس

واشنگٹن 2 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ بارک اوباما کو ہندوستان کے نئے وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کرکے ’’بہت خوشی‘‘ ہوئی اور وسیع تر موضوعات پر تبادلہ خیال سے دونوں ممالک کے مستحکم تعلقات کی گہرائی کی عکاسی ہوتی ہے۔ اوباما ۔ مودی ملاقات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے وائیٹ ہاؤز کے پریس سکریٹری جوش ارنیسٹ نے ایک پریس کانفرنس میں کہاکہ دونوں قائدین میں سے ہر ایک کی گفتگو کا موضوع دونوں ممالک کے درمیان اہم تعاون کی ضرورت پر زور دے رہا تھا۔ اوباما یقینا مودی کے ساتھ اِس دورے کے موقع پر شخصی قربت پیدا کرنے میں کامیاب رہے۔ یہ پہلا موقع تھا جبکہ دونوں قائدین کی شخصی طور پر ملاقات ہوئی۔ اُنھوں نے اعتماد ظاہرکیاکہ دونوں ممالک کا تعاون دیگر شعبوں میں بھی وسعت پائے گا۔ سوالات کا جواب دیتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان کئی معاہدات کو قطعیت یہ بات ظاہر کرتی ہے کہ کئی شعبوں میں ہند ۔ امریکہ تعاون مستحکم ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات اور ترجیحات دونوں ممالک کو مزید قریب لاتے ہیں۔

دریں اثناء امریکی کانگریس کے ارکان نے بلا لحاظ پارٹی وابستگی وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ امریکہ کو دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شراکت داری میں مزید گہرائی پیدا کرنے اور اِسے استحکام فراہم کرنے کی وجہ قرار دیا۔ امریکی کانگریس کی کمیٹی برائے اُمور خارجہ کے صدرنشین ایڈ رائس نے کہاکہ اُن کے لئے وزیراعظم مودی کا استقبال ایک اعزاز سے کم نہیں تھا۔ امریکی کانگریس کے ارکان نے وزیراعظم ہندوستان کے ساتھ کئی اہم مسائل بشمول انسداد دہشت گردی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ ہندوستانی خواتین پر مظالم کے انسداد کے لئے حکومت ہند کی کارروائیاں بھی زیرغور رہیں۔ ہند ۔ امریکہ تعلقات کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے ایوان کی اعلیٰ سطحی رکنیت نے اِس اجلاس میں کثیر تعداد میں شرکت کی۔ حالانکہ امریکی کانگریس کا اجلاس جاری نہیں تھا لیکن ارکان خاص طور پر مودی سے ملاقات کے لئے موجود تھے۔

دریں اثناء پانچویں ہند ۔ امریکہ برقی توانائی شراکت داری چوٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جس کا اہتمام برقی توانائی تحقیقی ادارہ نے ائیل یونیورسٹی کے اشتراک سے کیا تھا۔ ارنیس مونیز نے کہاکہ برقی توانائی کے شعبہ میں کاربن کی توانائی کم کرنے کے لئے ہندوستان کے پُرعزم منصوبے زیردوران ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ نیوکلیر توانائی کے شعبہ میں ہند ۔ امریکہ تعاون میں اضافہ کی سخت ضرورت ہے۔ دو روزہ چوٹی کانفرنس کے دوران امریکی ماہرین نے جن کا تعلق برقی توانائی، فینانس، پالیسی، ٹیکنالوجی، تبدیلیٔ ماحولیات اور فضائی آلودگی کے انسداد جیسے شعبوں سے تھا، کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دونوں ممالک کو مشترکہ طور پر صاف ستھری توانائی کے حصول کے لئے جدوجہد کرنا چاہئے۔ ہندوستان کے پراجکٹس کا حوالہ دیتے ہوئے یوایس ایڈ کے ترجمان راجیو شاہ نے کہاکہ ہم ہندوستان میں ایجادات کو پروان چڑھانا اور اُن میں شراکت داری چاہتے ہیں۔