اوباما یوم جمہوریہ تقریب کے مہمان خصوصی

نئی دہلی / واشنگٹن 21 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان نے امریکی صدر بارک اوباما کو 2015 یوم جمہوریہ پریڈ کیلئے بطور مہمان خصوصی مدعو کیا ہے ۔ امریکی صدر نے وزیر اعظم کے اس دعوت نامہ کو قبول کرلیا ہے ۔ نریندر مودی نے آج اپنے ٹوئیٹر پر تحریر کیا کہ ’’ اس یوم جمہوریہ ہمیں امید ہے کہ ایک دوست کا استقبال کرینگے ۔ ہم نے صدر اوباما کو یوم جمہوریہ کے موقع پر بطور مہمان حصوصی مدعو کیا ہے ۔ اس موقع پر موجود رہنے والے وہ پہلے امریکی صدر ہونگے ‘‘ ۔ دعوت نامہ کو قبول کرنے اوباما کے فیصلے کی توثیق کرتے ہوئے صدارتی سفر کے پریس سکریٹری نے ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعظم مودی کے دعوت نامہ پر صدر امریکہ جنوری 2015 میں ہندوستان جائیں گے تاکہ وہ ہندوستان کی یوم جمہوریہ تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کرسکیں۔ اس دورہ کے نتیجہ میں کسی امریکی صدر کو پہلی مرتبہ ہندوستان کی یوم جمہوریہ تقریب میں شرکت کا موقع ملے گا ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر اوباما وزیر اعظم اور دیگر ہندوستانی عہدیداروں سے ہند ۔ امریکہ حکمت عملی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کیلئے تبادلہ خیال کرینگے ۔ مودی نے صدر اوباما سے ماہ ستمبر میں واشنگٹن میں ملاقات کی تھی ۔ علاوہ ازیں گذشتہ دنوں میانمار میں مشرق ایشیا چوٹی کانفرنس میں دونوں قائدین کی ملاقات ہوئی تھی ۔