اوباما کے ہیلی کاپٹر میں ہندوستانی ساختہ کیبن

بنگلورو۔ 20 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر براک اوباما بہت جلد ایک نئے ہیلی کاپٹر میں پرواز کریں گے جس کا کیبن ہندوستان میں تیار کیا گیا ہے۔ امریکی ہیلی کاپٹر تیار کنندہ کمپنی ’سیکورسکی‘ نے 2009ء میں ٹاٹا اڈوانسڈ سسٹمس کے ساتھ ایک معاہدہ کیا تھا جو اس کمپنی کے S-92 ہیلی کاپٹروں کیلئے کیبن کی تیاری سے متعلق ہے، جو دنیا بھر میں متعدد وی وی آئی پیز بشمول امریکی صدر کے زیراستعمال آتے ہیں۔ سیکورسکی کے ملٹری سسٹمس کے صدر سمیر مہتا نے یہاں ایرو انڈیا شو کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں کو بتایا گیا کہ اس معاملت کے تحت ایک سو واں کیبن عنقریب حوالہ کیا جائے گا۔ یہ پوچھنے پر کہ آیا ہندوستانی کیبنس اوباما کی پرواز کیلئے استعمال کئے جائیں گے ، سیکورسکی کے ڈیفنس سسٹمس اینڈ سرویسیس کے نائب صدر رابرٹ کوکارڈا نے اثبات میں جواب دیا۔ S-92 کیلئے تمام کیبنس حیدرآباد میں تیار کئے گئے ہیں۔