سیوکس فالس (امریکہ) ، 14 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ایک جج نے ایک شخص کو اُس عورت کی ہلاکت کے لئے سزائے موت سنائی ہے جو جج موصوف کے مطابق صدر براک اوباما کے قتل کی سازش کا حصہ تھا ۔ کل منعقدہ سماعت میں جیوری نے اتفاق رائے سے فیصلہ سنایا کہ 44 سالہ جیمس مائیک وے کو موت کی سزاء دی جائے۔ اگر جیوری کا فیصلہ متفقہ نہ ہوتا تو مائیک وے کو کسی پیرول کے بغیر عمر قید کی سزاء ہوسکتی تھی ۔ مائیک وے نے اقبال جرم کرلیا لیکن بتایا گیا کہ وہ ذہنی طورپر بیمار ہے، جس نے 2011 ء میں 75 سالہ میبل شین کو قتل کیا۔ مائیک وے نے کہا کہ اُس نے میبل کو ہلاک کرکے اُس کی کار کا سرقہ کرلیا جو اُس کے منصوبہ کا حصہ تھا کہ واشنگٹن تک پہونچ کر صدر اوباما کو قتل کیا جائے ۔ اُسے بعد میں میڈیسن ، ویسکانسن میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔
مکیش امبانی کی قیامگاہ دنیا کا سب سے قیمتی مسکن
نیویارک ۔ 14 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ریلائنس انڈسٹری کے چیرمین مکیش امبانی کی ممبئی میں واقع فلک بوس قیامگاہ دنیا کا سب سے مہنگا مسکن ہے ، فوربس کی فہرست میں یہ بات ظاہر کی گئی جس میں ہندوستانی نژاد فولاد کے بڑے تاجر لکشمی متل کے لندن میں واقع مکانات بھی شامل ہیں۔ امبانی کی 27 منزلہ 400,000 مربع فٹ پر مشتمل فلک بوس مکان ’انٹیلیا‘ بحراوقیانوس کے ایک افسانوی جزیرے سے موسوم ہے اور اسے دنیا بھر میں مہنگے ترین مکانات کی فوربس فہرست میں اول مقام حاصل ہوا ہے ۔ فوربس نے کہا کہ دنیا میں نہایت پرتعیش اور مہنگی جائیداد کے حامل ہونے کا لقب بدستور مکیش امبانی کے انٹیلیا واقع ممبئی کو ملا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس کی تعمیراتی لاگت ایک بلین تا دو بلین امریکی ڈالر کے درمیان آئی ہے ۔ اس رہائش گاہ میں زیرزمین پارکنگ کی چھ منزلیں ہیں ، تین ہیلی کاپٹر پیاڈس ہیں اور اس کیلئے 600 رکنی اسٹاف کام کرتا ہے ۔