رائے پور 20 جنوری (سیاست ڈاٹ کام )چھتیس گڑھ کے ماوسٹوں نے بستر علاقہ کے کئی مقامات پر ورقیہ گرائے ہیں جن میں صدر امریکہ بارک اوباما کے آئندہ دورہ ہند کی مخالفت کی گئی ہے ۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ریاستی شعبہ سراغ رسانی دپانشو کابرا نے کہا کہ پولیس کے بموجب باغیوں نے اوباما کے دورہ کا بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی ہے اور 26 جنوری کو ملک گیر بند منانے کا اعلان کیا ہے ۔ ورقیوں میں ممنوعہ تنظیم سی پی آئی (ماوسٹ ) نے صدر امریکہ کے دورہ ہند کی مخالفت کرتے ہوئے شورش زدہ علاقہ نارائن پور اور کنکیر اضلاع میں ورقیہ تقسیم کئے ہیں۔ مرکزی صیانتی محکموں کو اس بارے میں اطلاع دے دی گئی ہے جبکہ پولیس کو شورش زدہ علاقہ میں چوکسی کی ہدایت دی گئی ہے ۔ یہ ورقیہ ایک نکسلائٹ ڈنڈا کرانیا خصوصی زونل کمیٹی کے ایک ترجمان گودسا (سیندھی ) کے نام سے جاری کئے گئے ہیں۔ ورقیوں پر سرخی ’’اوباما واپس جاو‘‘ لگائی گئی ہے ۔ اس میں کئی قوم دشمن پیغامات اور مواد ہے ۔ ورقیوں میں انتہا پسندوں نے کہا ہے کہ وہ اوباما اور وزیر اعظم نریندر مودی کے پتلے صدر امریکہ کے دورہ ہند کے موقع پر نذر آتش کریں گے ۔ اوباما 25 جنوری سے ہندوستان کا تین روزہ دورہ کرنے والے ہیں جس کے دوران وہ یوم جمہوریہ پریڈ میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کریں گے ۔