اوباما کے تین سکیورٹی ایجنٹس کو یورپ سے وطن بھیج دیا گیا

واشنگٹن ، 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر براک اوباما کی سکیورٹی پر مامور تین ایجنٹوں کو تادیبی کارروائی کے تحت ایمسٹرڈم سے واپس امریکہ بھیج دیا گیا ہے۔ یہ اہلکار اوباما کے دورۂ یورپ کے موقع پر ان کے ساتھ سفر کر رہے تھے۔ خبر رساں ادارہ روئٹرز کے مطابق سیکرٹ سرویس کے ترجمان برائن لیری نے ان اہلکاروں کو واپس بھیجے جانے کی تصدیق کی ہے۔ انھوں نے اس حوالے سے زیادہ تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ تاہم امریکی اخبار ’واشنگٹن پوسٹ‘ کے مطابق اوباما کی یورپ آمد سے قبل ان اہلکاروں میں سے ایک کو شراب کے نشے میں دھت پایا گیا تھا۔

معمر قذافی کے دو بیٹوں و دیگر کیخلاف کیس کا آئندہ ماہ آغاز
طرابلس ، 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) لیبیا کے مقتول لیڈر معمر قذافی کے دو بیٹوں اور درجنوں ساتھیوں کے خلاف کیس کی سماعت 14 اپریل کو شروع ہو رہی ہے۔ سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق قذافی کے 37 ساتھیوں کے علاوہ سیف الاسلام، سعدی قذافی اور سابق انٹلیجنس چیف عبداللہ سینوسی کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ سعدی کو رواں ماہ ہی مالی نے لیبیا کے حوالے کیا تھا۔ طویل عرصے تک حکمرانی کے بعد معمر قذافی ملک میں باغیوں کے ہاتھوں مارے گئے تھے۔