اوباما کے اسٹیٹ ڈنر میں ہندوستانی نژاد تارک وطن کی شرکت

واشنگٹن۔ 29 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ایک ہندوستانی نژاد تارک وطن کو امریکی صدر بارک اوباما کی جانب سے ترتیب دیئے گئے اسٹیٹ ڈنر میں شرکت کا موقع ملا جو وائیٹ ہاؤز میں دورہ پر آئے جاپانی وزیراعظم شینزو اَبے کے اعزاز میں تربیت دیا گیا تھا۔ فیجی سے صرف دو سال کی عمر میں امریکہ منتقل ہونے والے بھوپندر رام نے اپنی پارٹنر کملا رام کے ساتھ ڈنر میں شرکت کی۔ بھوپندر رام اس ڈنر میں شرکت کرنے والے واحد ہندوستانی نژاد شخص تھے۔ اوباما ایمیگریشن اصلاحات کے لئے کوشاں ہیں جس کے لئے انہیں ری پبلیکن کانگریسیوں کے ساتھ بھی زبردست مسابقت کا سامنا ہے اور شاید یہی وجہ ہے کہ ایک تارک وطن کو انہوں نے اپنے مہمانوں کی فہرست میں شامل کیا۔ اس ڈنر میں شرکت کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جاتا ہے۔ امریکہ میں 11 ملین ایسے تارکین وطن ہیں جن کے کوئی ریکارڈس نہیں ہیں۔ اوباما کے منصوبہ کے مطابق ایسے 4.4 ملین افراد جو امریکی شہریوں کے والدین ہیں، انہیں مستقل طور پر امریکہ میں رہنے کی اجازت مل جائے گی جو فی الحال ملک کے عارضی شہریوں میں شمار کئے جاتے ہیں اور انہیں ملک بدر کئے جانے کا خوف بھی نہیں ہوگا۔