واشنگٹن ۔ 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر بارک اوباما نے آج 2016ء کے صدارتی انتخابات کی امکانی ڈیموکریٹک امیدوار اپنی سابق وزیرخارجہ ہیلاری کلنٹن کے ساتھ آج وائیٹ ہاوز میں ظہرانہ پر ملاقات کی۔ وائیٹ ہاوز کے ایک عہدیدار نے کہا کہ ’’صدر، سابق وزیرخارجہ ہیلاری کلنٹن کے ساتھ ایک غیررسمی اور نجی ظہرانہ پر مسرور ہوئے‘‘۔ دونوں سیاستدانوں نے مختلف امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کچھ وقت گذارا۔ بعدازاں ہیلاری کلنٹن اپنی نئی کتاب ’ہارڈ چوائزس‘ کی تشہیر کیلئے روانہ ہوگئیں۔ یہ کتاب 10 جون کو جاری کی جائے گی۔ یہ ظہرانہ صدر کی سرکاری مصروفیات میں شامل نہیں تھا لیکن پیپل میگزین کے ٹوئیٹر کے بعد اس کا علم ہوا۔ بعدازاں اس اطلاع کو ٹوئیٹر سے حذف کردیا گیا۔
مودی ۔ نواز شریف ملاقات پر
اقوام متحدہ کی جانب سے خیر مقدم
نیویارک، 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ نے ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کے درمیان ملاقات کا خیر مقدم کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کی مون کے ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان تعمیری مذاکرات کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔ سکریٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے صحافیوں کو بتایا کہ ’’ہم ہمیشہ تال میل کے ساتھ ہیں، ہم ہمیشہ ایسے ممالک جن کے مابین مسائل ہیں ان کے مثبت اور تعمیری مذاکرات کی حمایت کرتے ہیں۔