واشنگٹن ، 7 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وائیٹ ہاؤس کو عارضی طور پر مقفل کیا گیا جبکہ ایک کار نے اُس سرکاری موٹر قافلے کا تعاقب کیا جو مبینہ طور پر امریکی صدر براک اوباما کی دختران کو لے جارہا تھا۔ سیکریٹ سرویس کے مطابق یونیفارم میں ملبوس عہدیداروں نے نہایت حفاظتی علاقے کے اندرون گاڑی کو روکنے کے بعد ڈرائیور کو تحویل میں لے لیا۔ یہ واقعہ کل مقامی وقت تقریباً 4.40 بجے شام پیش آیا جب امریکی صدر وائیٹ ہاؤس میں تھے اور سکریٹری آف اسٹیٹ جان کیری کے ساتھ اُن کی میٹنگ طئے تھی۔
وائیٹ ہاؤس کی عارضی تحدید ایک گھنٹہ بعد ختم کردی گئی۔ ڈرائیور جس کی شناخت 55 سالہ میتھیو ایوان گولڈسٹین کی حیثیت سے کی گئی، اسے گرفتاری کے بعد غیرقانونی داخلے کے الزام پر ضروری کارروائی کیلئے سٹی پولیس کے حوالے کردیا گیا۔ بتایا گیا کہ وہ انٹرنل ریونیو سرویسس کا ملازم ہے اور ٹریژری بلڈنگ میں داخلے کیلئے جو وائیٹ ہاؤس کے قریب ہے ، پاس کا حامل تھا۔